مرکزی وزارت صحت نے اس کو نافذ کرنے کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھا ہے اور اس سال 31 دسمبر تک نئے ناموں کے ساتھ آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹرز (اے بی-ایچ ڈبلیو سی) کی تصویریں مانگی گئی ہیں۔ ان تصاویر کو اے بی-ایچ ڈبلیو سی پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کو کہا گیا ہے۔ ’آیوشمان بھارت مندر‘ کے ساتھ ’آروگیم پرم دھنم‘ نام کی ٹیگ لائن بھی دی گئی ہے۔
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے موجودہ آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹرز (اے بی-ایچ ڈبلیو سی) کا نام بدل کر ’آیوشمان آروگیہ مندر‘ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ٹیگ لائن ’آروگیم پرم دھنم‘ ہوگی۔
مرکزی وزارت صحت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اس پر عملدرآمد کرنے کے لیے خط لکھا ہے اور اس سال 31 دسمبر تک نئے ناموں کے ساتھ آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹرز (اے بی-ایچ ڈبلیو سی) کی تصویریں مانگی ہیں۔ ان تصاویر کو اے بی-ایچ ڈبلیو سی پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کو کہا گیا ہے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، اس میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کا لوگو نئے نام کے ساتھ ان (ری برانڈیڈ) سینٹر میں برقرار رکھا جائے گا۔ 25 نومبر کو جاری کردہ ایک خط میں وزارت نے کہا ہے کہ ویلنیس سینٹرسوچ اور صحت کی خدمات کو بیماری سے تندرستی کی طرف لے جانے میں کامیاب رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے، ‘اب ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اور آیوشمان بھارت کے خواب کو پورا کرتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے آیوشمان بھارت- ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹرز کا نام بدل کر ‘آروگیم پرم دھنم’ ٹیگ لائن کے ساتھ ‘آیوشمان آروگیہ مندر’ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’
خط میں کہا گیا ہے کہ اگر برانڈنگ کے لیے دیوناگری (ہندی) یا انگریزی کے علاوہ دیگر رسم الخط استعمال کیے جائیں تو صحت کے ساتھ نام کا ترجمہ ریاستی زبانوں میں کیا جا سکتا ہے، لیکن ٹیگ لائن کا ترجمہ ریاستی زبانوں میں نہیں کیاجانا چاہیے۔ موجودہ سہولیات کا نام تبدیل کرنے کے لیے درکار رقم 3000 روپے فی ہیلتھ سینٹر تجویز کی گئی ہے۔
مراکز کی جانب سے ری برانڈنگ مکمل کرنے کے بعد ریاستوں کو اے بی –ایچ ڈبلیو سی پورٹل پر نئے نام کے ساتھ ہیلتھ سینٹر کی نئی تصویریں اپ لوڈ کرنی ہوں گی۔
ہندوستان میں اس وقت 1.6 لاکھ سے زیادہ اے بی –ایچ ڈبلیو سی ہیں، جن کا مقصد لوگوں کو گھرکے قریب ماں اور بچے کی صحت کی خدمات سمیت جامع بنیادی صحت کی دیکھ بھال اور مفت ضروری ادویات اور تشخیصی خدمات فراہم کرنا ہے۔ یہ سینٹر ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، منہ، چھاتی اور سروائیکل کینسر کی اسکریننگ فراہم کرتا ہے۔
Categories: خبریں