خبریں

لوک سبھا انتخابات: پہلے مرحلے میں مقدر آزمانے والے 252 امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں

اے ڈی آر اور نیشنل الیکشن واچ کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 161 امیدواروں نے اپنے خلاف سنگین جرائم کے مقدمات درج ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ 18 رہنماؤں پر خواتین کے خلاف جرائم کا الزام ہے، اور 35 کے خلاف ہیٹ اسپیچ  سے متعلق مقدمات ہیں۔

(علامتی تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

(علامتی تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) اور نیشنل الیکشن واچ نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے حلف ناموں کا تجزیہ کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 19 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں حصہ لینے والے کل 252 امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں۔ ان میں سات امیدواروں کے خلاف قتل کے الزامات اور 19 کے خلاف قتل کی کوشش کے الزامات شامل ہیں۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، یہ تجزیہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں حصہ لینے والے 1625 امیدواروں میں سے 1618 پر کیا گیا ہے۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 161 امیدواروں نے اپنے خلاف سنگین جرائم کے مقدمات درج ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ 18 رہنماؤں پر خواتین کے خلاف جرائم کا الزام ہے، اور35 کے خلاف ہیٹ اسپیچ سے متعلق مقدمات ہیں۔ 1618 امیدواروں میں سے 15 نے ایسے مقدمات کا اعلان کیا ہے، جن میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔

سیاسی جماعتوں کے بارے میں بات کریں تو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے چاروں امیدواروں نے اپنے خلاف مجرمانہ مقدمات درج ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس معاملے میں، سب سے کم داغدار امیدواروں والی پارٹی بی ایس پی ہے، جس کے 86 امیدواروں میں سے 11، یعنی 13 فیصد کے خلاف مجرمانہ مقدمات تھے۔

اگر ہم اثاثوں کی سطح کو دیکھیں تو پہلے مرحلے میں 450 ‘کروڑ پتی’ (جن کے کل اثاثے 1 کروڑ سے زیادہ ہیں) امیدوار ہیں، جن میں سے سب زیادہ 69 بی جے پی کے ہیں۔ اس کے بعد کانگریس سے 49، پھر اے آئی اے ڈی ایم کے سے 35، ڈی ایم کے سے 21 اور بی ایس پی سے 18 ہیں۔ ترنمول اور آر جے ڈی کے چار – چار امیدواروں کے پاس ایک کروڑ سے زیادہ کی جائیداد ہے۔

اے آئی اے ڈی ایم کے امیدواروں کے پاس سب سے زیادہ اوسطاً 35.61 کروڑ روپے ہیں۔ اس کے بعد ڈی ایم کے کے پاس 31.22 کروڑ، کانگریس کے پاس 27.79 کروڑ اور بی جے پی کے پاس 22.37 کروڑ روپے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ سے کانگریس کے امیدوار نکل ناتھ 716.94 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ سب سے امیر ہیں۔ اس کے بعد ایروڈ، تمل ناڈو سے اے آئی اے ڈی ایم کے امیدوار اشوک کمار کے پاس 662.46 کروڑ کے اثاثے ہیں اور تیسرے نمبر پر تمل ناڈو کے ہی شیو گنگا سے بی جے پی امیدوار دیو ناتھن یادو ٹی کے پاس 304.92 کروڑ رکے اثاثے ہیں۔