خبریں

آئی آئی ٹی کھڑگپور: طالبعلموں سے پی ایم مودی کے حوالے سے ہونے والے مضمون نویسی کے مقابلہ میں حصہ لینے کو کہا گیا

مضمون نویسی کا یہ مقابلہ سینٹر فار نریندر مودی اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ مرکزی وزارت تعلیم کی جانب سے ایک سرکلر موصول ہونے کے بعد طلبہ سے اس مقابلے میں حصہ لینے کو کہا گیا ہے۔

آئی آئی ٹی کھڑگپور۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک/آئی آئی ٹی کھڑگپور)

آئی آئی ٹی کھڑگپور۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک/آئی آئی ٹی کھڑگپور)

نئی دہلی: ملک کے مشہور ٹکنالوجی انسٹی ٹیوٹ آئی آئی ٹی کھڑگپور نے اپنے طالبعلموں سے وزیر اعظم نریندر مودی  کے  موضوع پر ہونے والے مضمون نویسی کے مقابلے میں حصہ لینے کو کہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سینٹر فار نریندر مودی اسٹڈیز (سی این ایم ایس) نے مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد کیا ہے، جس کا موضوع ‘وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے عالمی تعلقات کو کیسے مضبوط کیا’ ہے۔ آئی آئی ٹی کھڑگپور نے اپنے طالبعلموں سے اس مقابلے میں حصہ لینے کو کہا ہے ۔

دی ٹیلی گراف نے ادارے کے ایک اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ طلبہ کو یہ بات مرکزی وزارت تعلیم سے ایک سرکلر موصول ہونے کے بعد بتائی گئی ہے۔

اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے ٹکنالوجی اسٹوڈنٹس جمخانہ کو بھیجے گئے ایک ای میل میں انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے خود طلبہ کو ’پورے جوش و خروش کے ساتھ اس مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی، تاکہ وہ اس مقابلے میں پہلا انعام حاصل کر سکیں۔‘

سینٹر فار نریندر مودی اسٹڈیز کیا ہے؟

دہلی اور اتر پردیش  کے علی گڑھ میں واقع سینٹر فار نریندر مودی اسٹڈیز کے مطابق ، یہ ایک ‘آزاد ٹرسٹ’ ہے، جس کا ایک مقصد ‘نریندر مودی کے حیات اور کارنامے  پر پروگرام منعقد کرنا ہے۔

معلوم ہو کہ ٹرسٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ اس کل ہند مضمون نویسی مقابلہ کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 10000 روپے، 7500 روپے اور 5000 روپے کے انعامات پیش کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ یہ 17 ستمبر کو پی ایم مودی کے یوم پیدائش پر دیا جائے گا۔

سی این ایم ایس کی جانکاری کے مطابق، یہ پروگرام دہلی میں انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ چھتیس گڑھ کے سابق گورنر وشو بھوشن ہری چندن مہمان خصوصی ہوں گے۔

سی این ایم ایس کا کہنا ہے کہ پی ایم مودی نے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر ہندوستان کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سی این ایم ایس کے اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایم مودی کی قیادت میں تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی مضبوط کیا گیا ہے۔ پی ایم مودی کے اقدامات نے ہندوستان کو عالمی سطح پر زیادہ بااثر بنا دیا ہے، جس نے اقوام کے درمیان امن اور خوشحالی کو فروغ دیا ہے۔

سی این ایم ایس کے صدر جسیم محمد نے گزشتہ سال دی وائر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایم مودی سے ملاقات کے بعد انہیں لگا کہ ‘وزیراعظم نریندر مودی ایک شخص نہیں ہیں، بلکہ ایک خیال اور نظریے کا نام ہیں۔’

سی این ایم ایس، جس میں مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اس سال کے شروع میں ایمرجنسی کی برسی کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں مہمان خصوصی تھے ، نے گزشتہ سال بھی مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا تھا۔

آئی آئی ٹی کھڑگپور کے ایک ریسرچ اسکالر نے دی ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے اس سال کے مقابلے کے بارے میں کہا، ‘ہم نے سنا ہے کہ دیگر آئی آئی ٹی نے بھی اسی طرح کے سرکلر اپنے طلبہ کو بھیجے ہیں جس میں ان سے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے کہا گیا ہے۔’

اخبار نے مارچ میں اطلاع دی تھی کہ اس سال کے شروع میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم مودی کی تقریروں کی اسکریننگ کریں اورپروگرام کی  جگہوں پر وزیر اعظم کی عظمت بیان  کرنے والے ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ کے پوسٹر لگانے کو بھی کہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال دہلی یونیورسٹی کے کچھ کالجوں نے طلبہ کے لیے یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کے لائیو ٹیلی کاسٹ میں حصہ لینا لازمی قرار دیا تھا ، کیونکہ پی ایم مودی اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے والے تھے۔ ہندو کالج نے طلباء کو ان کی حاضری کے بدلے مزید پانچ دنوں کے لیے حاضری پوائنٹس کی پیشکش بھی کی تھی۔