خبریں

مدھیہ پردیش: سابق بی جے پی ایم ایل اے کے گھر پر انکم ٹیکس چھاپے ماری کے دوران مگرمچھ ملے

ساگر ضلع کے سابق بی جے پی ایم ایل اے ہرونش سنگھ راٹھور کے یہاں چھاپے کے دوران انکم ٹیکس حکام کو کروڑوں کی نقدی، سونے اور چاندی کے زیورات کے ساتھ ہی مگرمچھ بھی ملے۔ راٹھور اور ان کے کاروباری پارٹنر پر انکم ٹیکس چوری کرنے کا الزام ہے۔

بی جے پی کے سابق ایم ایل اے ہرونش سنگھ راٹھور۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

بی جے پی کے سابق ایم ایل اے ہرونش سنگھ راٹھور۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق ایم ایل اے ہرونش سنگھ راٹھور کی جائیداد پر چھاپے کے دوران انکم ٹیکس حکام کو ان کے  رہائشی احاطے میں مگرمچھ ملے، جنہیں بعد میں محکمہ جنگلات کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ، یہ چھاپہ راٹھور کے بزنس پارٹنر راجیش کیسروانی کے زیر انتظام بیڑی اور تعمیراتی کاروبار میں مبینہ ٹیکس چوری سے متعلق تھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، سابق کونسلر اور کنٹریکٹر کیسروانی پر انکم ٹیکس چوری کا الزام ہے۔

معلوم ہو کہ راٹھور ساگر ضلع کے ایک بڑےر لیڈر ہیں، وہ 2013 سے 2018 تک بنڈہ اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے رہے ہیں۔ 2018 میں وہ بنڈہ سے الیکشن ہار گئے تھے۔ اس کے بعد پارٹی نے انہیں 2023 کے اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ اس کے علاوہ ہرونش سنگھ راٹھور دو بار ضلع پنچایت کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے والد ہرنام سنگھ راٹھور مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔

پی ٹی آئی نے بتایا ہے کہ انکم ٹیکس حکام اتوار (5 جنوری) سے کیسروانی اور ان  کے ساتھی سے منسلک احاطے پر چھاپے مار رہے ہیں۔

اس سلسلے میں جمعہ (10 جنوری) کو چھاپے کے دوران اہلکاروں نے ایک گھر کے اندر ایک تالاب میں مگرمچھوں کو دیکھا اور محکمہ جنگلات کے حکام کو اطلاع دی۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش کے جنگلات کے اہلکاروں نے یہاں پائے جانے والے جانداروں کو ریسکیو کیا۔

فاریسٹ فورس کے سربراہ اسیم سریواستو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مگرمچھوں کو بچالیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اہلکار نے کہا، ‘مگرمچھوں کی صحت کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ہم ان کے بارے میں عدالت کو مطلع  کریں گے اور اس کے مطابق کارروائی کریں گے۔’

تاہم، اہلکار نے بچائے گئے مگرمچھوں کی تعداد یا احاطے کے مالک کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی خبر میں بتایا ہے کہ راٹھور کے گھر میں مگرمچھ دیکھے گئے اور وہیں سے ریسکیو کیاگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس معاملے میں محکمہ انکم ٹیکس نے ہرونش سنگھ راٹھور کے گھر سے 14 کلو سونا اور زیورات برآمد کیے ہیں، جن میں سے ٹیم نے 9 کلو 800 گرام ضبط کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ 3.80 کروڑ روپے نقد بھی ملے ہیں۔ یہی نہیں چھاپے کے دوران اہلکاروں کو لگژری کاریں بھی ملی ہیں۔

محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے میں تقریباً 150 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کا پتہ چلا ہے۔ ٹیم کو راٹھور کے بھائی اور کنبہ کے افراد سے بڑی مقدار میں سونا اور نقدی بھی ملی۔

خبروں کی مانیں تو راٹھور کے بنگلے کے اندر برسوں سے کیلاش مندر بنا ہوا ہے۔ اسی مندر کے احاطے میں ایک نجی چڑیا گھر بھی بناہے، جس میں مگرمچھ، ہرن، چیتل اور کئی اقسام کے پرندے تھے۔

ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو یہ بھی بتایا کہ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے، جو کہ تعمیراتی کاروبار سے بھی وابستہ ہیں، اکیلے ہی 140 کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کرچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس چھاپے سے اہلکاروں کو اہم دستاویزات حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔