لونی کے ایم ایل اے نند کشور گرجر نے اپنی ہی حکومت پر ‘سب سےزیادہ کرپٹ’ ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ یوپی کے چیف سکریٹری دنیا کے سب سے کرپٹ افسر ہیں۔ ایودھیا کی ساری زمین افسروں نے لوٹ لی۔ لوگوں کو فرضی انکاؤنٹر میں مارا جا رہا ہے اور افسر وزیر اعلیٰ کو گمراہ کر رہے ہیں۔

نند کشور گرجر۔ (تصویر بہ شکریہ: سوشل میڈیا)
نئی دہلی: اتر پردیش کے لونی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے نے ریاست میں اپنی ہی پارٹی کی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے اسے ‘اب تک کی سب سے کرپٹ حکومت’ قرار دیا۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ایل اے نند کشور نے الزام لگایا ہے کہ سرکاری اہلکار وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو گمراہ کر رہے ہیں اور سرکاری خزانے کو لوٹ رہے ہیں۔
خبر کے مطابق، کشور پھٹے ہوئے کُرتے میں غازی آباد کلکٹریٹ میڈیا سینٹر پہنچے اور ایک پریس کانفرنس میں یہ تبصرہ کیا اور الزام لگایا کہ پولیس نے ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ چیف سکریٹری نے ‘مہاراج جی’ (وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ) پر ‘کالا جادو’ کر کے ان کے دماغ کو باندھ لیا ہے۔
کشور نے کہا، ‘چیف سکریٹری دنیا کا سب سے کرپٹ افسر ہے۔ افسران نے ایودھیا میں زمین لوٹ لی ہے۔’
اپنی پارٹی کی قیادت والی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش میں بڑے پیمانے پرگئو کشی ہو رہی ہے اور لوگوں کو فرضی انکاؤنٹر میں مارا جا رہا ہے۔
‘کلش یاترا’ نہ ہونے دینے کے بعد شروع ہوا تنازعہ
قابل ذکر ہے کہ یہ تبصرہ ایم ایل اے اور ان کے حامیوں اور سینکڑوں عقیدت مندوں کے لونی میں ایک بڑی ‘کلش یاترا’ نکالنے کے ایک دن بعد آیا ہے، جب پولیس نے اس تقریب کو روکنے کی کوشش کی کیونکہ یہ بغیر اجازت کے منعقد کیا جا رہا تھا۔
خبروں کے مطابق، بی جے پی ایم ایل اے کی جانب سے منعقد رام کتھا سے قبل لونی میں کلش یاترا نکالی جا رہی تھی۔ اس کلش یاترا میں خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ جس میں تیز آواز میں ڈی جے بجایا جا رہا تھا۔ جب پولیس نے ہائی والیوم میں ڈی جے بجانے سے روکا تو ایم ایل اے کے حامی بھڑک گئے۔
بتایا گیا کہ ایم ایل اے نے کلش یاترا کی اجازت نہیں لی تھی۔ جبکہ ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کے لیے لونی کے ایس ڈی ایم سے اجازت لی تھی۔ بحث کے دوران ایم ایل اے کے حامیوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ اس دوران بی جے پی ایم ایل اے نند کشور گرجر کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔ پولیس اور ایم ایل اے کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی کے دوران نند کشور گرجر دھرنے پر بیٹھ گئے۔
اس دوران ایم ایل اے کے حامیوں نے جم کر ہنگامہ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ کافی دیر تک ہنگامہ جاری رہنے اور معاملہ بڑھنے کی اطلاع ملنےپر ایس پی موقع پر پہنچے۔
تاہم، ایس پی نے تنازعہ کو حل کیا اور کلش یاترا کو جانے کو دیا۔ اس دوران نند کشور گرجر نے پھٹے ہوئے کپڑوں میں ہی کلش یاترا نکالی، لیکن اس واقعہ کے بعد بی جے پی ایم ایل اے پولیس انتظامیہ سے شدید ناراض ہوگئے۔
اس معاملے پر جمعہ (21 مارچ) کو اے سی پی (انکور وہار) اجئے کمار سنگھ نے کہا کہ ایم ایل اے اور ان کے حامی بغیر کسی اجازت کے جلوس نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تاہم، پی ٹی آئی کے مطابق، ایم ایل اے نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لونی ایس ڈی ایم کے پاس اجازت کے لیے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے گرجر نے کہا کہ کلش یاترا روایتی ہے اور اس سال سے پہلے منتظمین نے اس کے لیے کبھی اجازت نہیں لی تھی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے گرجر برادری سے ٹریفک کو بلاک نہ کرنے اور ہر جگہ امن وامان برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔
ایم ایل اے نے افسر پر جان لینے کی کوشش کا الزام لگایا
اس دوران بی جے پی ایم ایل اے نند کشور گرجر نے کہا کہ جمعرات کو نکالی گئی کلش یاترا کے دوران ان پر قاتلانہ سازش رچی گئی تھی۔ انہوں نے اس سازش کے پیچھے اتر پردیش حکومت کے ایک سینئر افسر کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا ہے۔
بی جے پی ایم ایل اے نے کہا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملتا، وہ پھٹے ہوئے کپڑوں اور ننگے پاؤں ہی رہیں گے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس سازش کا پہلے سے ہی اندیشہ تھا۔
بی جے پی ایم ایل اے نے الزام لگایا، ‘لکھنؤ میں بیٹھے ایک سینئر افسر نے میرے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔’
ایم ایل اے نے یہ بھی کہا کہ وہ بدعنوانی اور غریبوں کے خلاف مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اب انہیں ریاستی حکومت یا پولیس پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ انہیں صرف مرکزی حکومت اور عدلیہ پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی لباس میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، ریاستی صدر اور اسمبلی اسپیکر سے ملاقات کریں گے اور اپنی بات رکھیں گے۔
मैं माननीय मुख्यमंत्री @myogiadityanath जी हम सभी के अभिभावक मा.विधानसभा अध्यक्ष @Satishmahanaup जी से @Uppolice द्वारा श्री रामकथा के कलश यात्रा में शामिल रामभक्तों पर किये गए बर्बरता पूर्ण कार्यवाही से अवगत कराने इसी कपड़े में नंगे पांव पहुंचूंगा।
चाहे मेरे प्राण क्यों न चले… pic.twitter.com/uYSDEO70BN
— Nand Kishor Gurjar (@nkgurjar4bjp) March 21, 2025
نند کشور گرجر نے مزید کہا، ‘یوپی کے چیف سکریٹری دنیا کے سب سے کرپٹ افسر ہیں۔ ایودھیا کی ساری زمین افسروں نے لوٹ لی۔ لوگوں کو فرضی انکاؤنٹر میں مارا جا رہا ہے۔ میں 28 مارچ کے بعد کتھا پروگرام کر کے لکھنؤ آ رہا ہوں۔ میں چیف سکریٹری سے کہہ رہا ہوں۔ میرا سینہ ہوگا، تمہادی گولیاں کم پڑ جائیں گی۔ افسران وزیر اعلیٰ کو گمراہ کر رہے ہیں۔ غازی آباد کے پولیس کمشنر شام کے 5 بجتے ہی شراب پی لیتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو ایک ایک بات بتاؤں گا۔’
Categories: خبریں