احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ 171 کے واحد زندہ بچ جانے والے 40 سالہ وشواس کمار رمیش نے بتایا کہ ٹیک آف کے 30 سیکنڈ بعد ایک تیز آواز آئی اور پھر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

12 جون 2025 کو احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے حادثے میں زندہ بچ جانے والے وشواس کمار رمیش۔ (تصویر: سوشل میڈیا / پی ٹی آئی)
احمد آباد: ٹیک آف سے پہلے 40 سالہ وشواس کمار رمیش کی احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں کچھ بھی عجیب نہیں لگ رہاتھا۔ لیکن جیسے ہی جہاز کے پہیے زمین سے اوپراُٹھے سب کچھ بدل گیا۔ اگلے 30 سیکنڈ کے اندر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
جمعرات (12 جون) کو پیش آنے والے اس سانحے میں بہت سے لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے اور وائبس آف انڈیا ابھی تک مرنے والوں کی صحیح تعداد کا انتظار کر رہا ہے، لیکن اس دن کا واحد مثبت پہلو یہ تھا کہ رمیش کو آگ کی لپٹوں سے گھرےبوئنگ 787-8 ڈریم لائنر سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔
رمیش کو چوٹیں آئی ہیں۔ وہ فی الحال سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ وشواس نے کہا، ‘میں بھگوان میں یقین رکھتا ہوں… میں ابھی بھی اپنے بھائی کا انتظار کر رہا ہوں، جو میرے ساتھ سفر کر رہے تھے۔’
‘طیارہ ٹیک آف کرنے کے تیس سیکنڈ بعد ایک تیز آواز آئی اور پھر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ سب بہت تیزی سے ہوا،’ 40 سالہ رمیش نے کہا، جو ایئر انڈیا کی پرواز 171 کے چند زندہ بچ جانے والوں میں سے ایک ہیں – یا شاید واحد زندہ بچ جانے والے شخص ہیں -جو احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جمعرات کی دوپہر تقریباً 1:38 بجے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔
طیارے میں عملے کے دس ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔ مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے اور کچھ لاشیں برآمد ہونا باقی ہیں۔ سٹی پولیس چیف جی ایس ملک نے تصدیق کی ہے کہ 204 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
طیارہ احمد آباد کے مصروف علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جس کااثر شہر کے میگھا نی نگر علاقے میں واقع بی جے میڈیکل کالج کیمپس پرہوا۔
میڈیکل کالج کے ہاسٹل کینٹین میں لنچ کررہے کم از کم پانچ میڈیکل طلباء کی موت ہو گئی۔وہیں 20 لوگوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جو جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔
اسپتال کے احاطے میں رہنے والے بہت سے لوگ، جو ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے رشتہ دار ہیں، کی بھی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر وجئے روپانی بھی طیارے میں سوار افراد میں شامل تھے۔ مرکزی کابینہ کے ارکان نے اس حادثے میں ان کی موت کی تصدیق کی ہے ۔
طیارے میں 53 برطانوی شہری، سات پرتگالی شہری اور ایک کینیڈین شہری سوار تھے۔ باقی تمام ہندوستانی شہری تھے۔ مرنے والوں میں پائلٹ سمت سبھروال بھی شامل ہیں، جنہیں 8700 اڑان گھنٹے کا تجربہ تھا۔
‘چاروں طرف لاشیں تھیں‘
سیٹ 11اےپر بیٹھے برطانوی شہری رمیش اب سول ہسپتال کے جنرل وارڈ میں داخل ہیں۔ ان کے سینے، آنکھ اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں؛ درحقیقت، جب انہیں ایمبولینس سے ہسپتال لایا گیا تو وہ پیدل ہی ہسپتال پہنچے تھے۔
رمیش کچھ دنوں کے لیے اپنے خاندان سے ملنے ہندوستان آئے تھے اور اپنے بھائی 45 سالہ اجئے کمار کے ساتھ برٹن واپس جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد جب وہ اٹھےتو انہوں نے اپنے اردگرد صرف لاشیں ہی دیکھیں۔
رمیش نے کہا، ‘میں نے جو دیکھا اس پر مجھے یقین نہیں ہوا۔ میں کھڑا ہوا اور بھاگنے لگا۔ میرے چاروں طرف ہوائی جہاز کے ٹکڑے پڑےتھے۔ کسی نے مجھے پکڑ لیااور ایمبولینس میں ڈال کر ہسپتال لے گیا۔’ بتایا جاتا ہے کہ رمیش ہوائی جہاز کے ایمرجنسی دروازے سے کود کر باہر نکل گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 20 سال سے لندن میں مقیم ہیں اور ان کی اہلیہ اور بچے بھی وہیں رہتے ہیں۔ رمیش نے کہا، ‘وہ ڈرے ہوئےتھے، لیکن اب انہیں پتہ ہے کہ میں زندہ ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کے لیے غمزدہ ہوں جو اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔’
اگرچہ دونوں بھائیوں نے اکٹھے بیٹھنے کی درخواست کی تھی، لیکن شدید رش اور آخری لمحات کی درخواست کی وجہ سے انہیں الگ الگ بٹھایا گیا۔ رمیش سیٹ 11اے پر تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی اجئے ہوائی جہاز میں الگ بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا، ‘ہم دیو گئے تھے۔ وہ میرے ساتھ سفر کر رہے تھے اور اب میں انہیں تلاش کرنے سے قاصر ہوں۔ براہ کرم انہیں ڈھونڈنے میں میری مدد کریں۔’
( انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں ۔)