خبریں

باباوں کو زمینوں کی کانگریسی عطیات غلط تھیں، بی جے پی حکومت زمینیں واپس لے: کانگریس لیڈر

سابق وزیر اور مدھیہ پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر گووند سنگھ  اپنے بیان میں کانگریس کی حکومت میں گرمیت سنگھ کو گرانٹ میں دی گئی زمین کے فیصلے کو بھی غلط ٹھہرایا اور ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت سے بابا کی زمین کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

Congress

بھنڈ : سابق وزیر اور مدھیہ پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر گووند سنگھ نے پردیش میں کانگریسی حکومت کے زمانے میں باباوں کو دی گئی زمین کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت سے ریاست میں کاروبار کرنے والے باباو ںکو دی گئی زمین واپسی لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں بھنڈ ضلع کے ممبر اسمبلی ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ عوامی طور پر سماجی خدمت کرتے نظر آنے والے ڈیرہ سچا سودا کا باباگرمیت سنگھ آبروریزی کے الزام میں سلاخوں کے پیچھے پہنچ چکا ہے۔ آشرم کے نام پر، ملک میں کئی ریاستوں میں ملکیت ہے. مدھیہ پردیش بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے، کانگریس حکومت نے بابا کو پانچ ایکڑزمین آشرم کے لئے عطیہ میں دی تھی۔

ڈاکٹر سنگھ نے اپنے بیان میں کانگریس کی حکومت میں گرمیت سنگھ کو گرانٹ میں دی گئی زمین کے فیصلے کو بھی غلط ٹھہرایا اور ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت سے بابا کی زمین کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے جیل میں بند آسارام باپو کو حکومت کی طرف سے آشرم کے نام پر دی گئی زمین کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں باباوں کو جتنی بھی زمین عطیہ میں دی گئی تھی، وہ سب حکومت واپس لے۔ ڈاکٹر سنگھ نے بھنڈ میں ریت مافیا کے ساتھ پولیس کی ساز باز کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو ایک خط بھی لکھا ہے۔ خط میں انہوں نے پولیس اور ریت کے مافیا کے تعلق کے ثبوت فراہم کرنے کا بھی دعوی کیاہے۔

مسٹر سنگھ نے اپنے خط میں الزام لگایا ہے کہ ضلع سے روزانہ تقریبا 500 سے ایک ہزار ٹرک غیر قانونی طور پر ریت نکال کر اترپردیش کے مختلف اضلاع میں لے جائے جا رہے ہیں جہاں ریت نکالنے پر پابندی ہے۔ انہوں نے اپنے خط کے ساتھ کچھ آڈیو کلپ بھی جاری کی ہیں۔ ان کا دعوی ہے کہ یہ آڈیو کلپ ریت مافیا اور انتظامیہ کے درمیان ساز باز کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ تمام ثبوت پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی مسٹر چوہان سے قصورواروں کے خلاف کارروائی کی امید ظاہر کی ہے۔ یو این آئی۔