خبریں

اقتصادی ترقی کی رفتار پڑی سست ، چین سے پچھڑا ہندستان

2016-17 میں پورے سال کے دوران شرح ترقی 7.1 فیصد تھی۔ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی اپریل اور جون کے دوران شرح ترقی کم ہوکر 5.7 فیصد پر آگئی جو اسی مدت میں چین کی 6.9 فیصد کی شرح سے بہت کم ہے۔

GDP

نئی دہلی :  نوٹ بندی کے بعد پہلی بار اقتصادی ترقی کی شرح میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے۔ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی )کے نفاذ کے بعدکمپنیوں کے ذریعہ پیداوار میں کمی سے مصنوعات سازی کی سرگرمیوں میں آئی سستی کی وجہ سے موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی گھریلو پیداوارکی شرح 5.7 فیصد رہی جبکہ پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں اس کی شرح 7.9 فیصد تھی۔ مرکزی شماریاتی دفتر کے ذریعہ جی ڈی پی کے اعداد و شمار جاری کرنے کے بعد یہاں چیف شماریاتی افسر ٹی سی اے اننت نے صحافیوں کو بتایا کہ مصنوعات سازی کی سرگرمیوں میں سستی آنے کی وجہ سے اقتصادی ترقی پر اثر پڑا ہے ۔

2016- 17 کی آخری سہ ماہی جنوری ۔مارچ کے دوران مجموعی گھریلو پیداور (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.1 فیصد رہی تھی۔ 2016-17 میں پورے سال کے دوران شرح ترقی 7.1 فیصد تھی۔ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی اپریل اور جون کے دوران شرح ترقی کم ہوکر 5.7 فیصد پر آگئی جو اسی مدت میں چین کی 6.9 فیصد کی شرح سے بہت کم ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ہندستان کی معیشت دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی پانے والی معیشت تھی، لیکن یہ چین سے کے پیچھے ہوگئ ہے ۔ آئندہ کچھ سہہ ماہیوں میں بہتر کارکردگی کے بعد ہی ہندستان دوبارہ چین سے آگے نکل سکے گا۔

مسٹر اننت نے کہا کہ معاشی ترقی میں کمی کی اہم وجہ مصنوعات سازی کی سرگرمیوں میں سستی ہے۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے کمپنیوں کے اسٹوریج میں کافی کمی آئی تھی۔ انہوں نے پیداوار کم کر دی تھی جس کا اثر جی ڈی پی پر نظر آرہا ہے ۔ اب جی ایس ٹی نافذ ہوگیا ہے اور تہوار وں کا موسم بھی آگیا ہے جس سے دوسری سہ ماہی میں صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپریل جون کی سہ ماہی میں جی وی اے 5.6 فیصد رہی ہے جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 7.6 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی سہ ماہی میں مصنوعات سازی کے شعبہ میں جی وی اے ایک اعشاریہ دو فیصد پر آگیا گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 10.7 فیصد رہاتھا ۔ انہوں نے بتایا کہ مصنوعات سازی کے جی وی اے میں کارپوریٹ سیکٹر کی حصہ داری 74 فیصد ہے۔ انھوں نے نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے اقتصادی ترقی متاثر ہونے کی بات سے انکار کیا۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , ,