دہلی کی ایک عدالت نے کہاہے کہ ، سیاسی نظریےکو لےکر بڑھتی عدم رواداری پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔
نئی دہلی : دلّی کی ایک عدالت نے کہا کہ اپنے خیالات کو دوسروں کی زندگی سے زیادہ ترجیح دینے کی وجہ سے لوگوں کے درمیان بڑھتی عدم رواداری پر پابندی لگائے جانے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے کہا کہ سماج میں عدم رواداری گزشتہ زمانے کی بربریت اوروحشی پن کی یاد دلاتی ہیں۔
عدالت نے سیاسی مخالفت کے سبب 2007 میں پڑوس میں رہنے والے ایک شخص اور اس کے بیٹے پر حملے کے معاملے میں ایک سرکاری ملازم سمیت چار قصورواروں کو تین سال کی قیدبامشقت کی سزا سنائی ہے۔ شکایت کے مطابق قصوروار تب مبینہ طور پر بی جے پی رکن پارلیامنٹ رمیش ودوھڑی کے کارکن تھے۔
معاملے کی سماعت کرتے ہوئے پیر کو اضافی سیشن جج لوکیش کمار شرما نے کہا’یہ معاملہ اس شہر میں رہنے والوں کے درمیان بڑھتی عدم رواداری کی واضح مثال ہے۔ اپنے مبینہ سیاسی نظریات سے منسلک چھوٹے سے مسئلے پر بھی لوگ اپنے پڑوسیوں تک، پر حملے سے نہیں ہچکتے، بھلےہی اس میں دوسرے فریق کی جان ہی چلی جائے۔ ان کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ‘
جج نے کہا،’ہندوستان جیسے جمہوری ملک میں ایک شخص کسی بھی سیاسی نظریات کو ماننے کے لئے آزاد ہے، لیکن اس سے اس کو یہ حق نہیں مل جاتا کہ وہ دوسروں کو بھی اپنی عقیدے کی پیروی کے لیے مجبور کرے۔’
معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے یہ بھی کہا، ‘مانا جاتا ہے کہ پڑوسی رشتہ دار سے زیادہ اہم ہوتے ہیں، کیونکہ غیر متوقع حالات میں کوئی بھی مدد کے لئے سب سے پہلے دور رہ رہے رشتہ دار کو نہیں بلکہ پڑوسی کو ہی پکارتا تھا۔’
عدالت نے کہا، ‘حالانکہ مادہ پرست سماج کی ترقی کی وجہ سے ہم سب اپنی پرانی ثقافت اور اخلاقیات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے قدیم طرز والے معاشرہ اور اس کی بربریت کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ ‘استغاثہ کا دعویٰ تھا کہ جنوبی دلّی کے تغلق آباد علاقے میں چار اگست 2007 کو چار لوگوں نے اپنے پڑوس میں رہنے والے راجو پر قتل کے ارادے سے حملہ کیا تھا اس میں راجو کے بیٹے بھی شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے۔
عدالت نے چاروں قصورواروں وجےکمار، سرکاری ملازم رشی پال، اشوک اور ست بیر کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ چاروں قصوروار کو آئی پی سی کی دفعہ 308 (قتل کا ارادہ)، 325 (شدید طور پر چوٹ پہنچانا)اور دفعہ 323 (جان بوجھ کر کسی کو نقصان پہنچانا) کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق 4 اگست 2007 کو چاروں ملزمین نے اپنے پڑوسی راجو کے قتل کے ارادے سے اس پر ڈنڈوں اور تلوار سے حملہ کیا۔ اس حملے میں راجو کا بیٹا نیلیش بھی شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کےان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں