پولت بیورو رکن پرکاش کرات کا الزام، سیاسی مقابلے میں ناکام بی جے پی کا پیدل مارچ ریاست میں تشدد بھڑکانے کی قواعد۔
نئی دہلی : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ )نے بی جے پی پر کیرل میں بایاں محاذ جماعتوں کا سیاسی طور پر مقابلہ کر پانے میں ناکام رہنے کی وجہ سے ریاست میں زبردست تشدد پھیلانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے مبینہ تشدد کی مخالفت میں منگل کو 15روزہ جن رکشا یاتراکا آغازکیا تھا، جس میں یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہوئے۔سی پی آئی (ایم) پولت بیورو کے رکن پرکاش کرات نے پارٹی کےاخبار پیپلس ڈیموکریسی کے اداریہ میں یہ بات کہی۔ کیرل میں بی جے پی کے ذریعے منعقد 15 روزہ پیدل مارچ کو ریاست میں تشدد بھڑکانے کی قواعد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کا یہ ہتھکنڈا کیرل میں سی پی آئی (ایم)کے چیلنج کو قبولکر پانے میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔
کرات نے کہا کہ اقتدار کے غرور میں ڈوبے بی جے پی صدر امت شاہ سوچتے ہیں کہ وہ کیرل میں بایاں بازو کی دہشت کا جھوٹا پرچم لہرانے کی سنگھ کی سیاست کو کامیاب بنانے میں کامیاب ہوںگے۔ لیکن شاہ نے ماکپا کے خلاف بے بنیاد جھوٹے الزام لگاکر تشدد کےخطرناک دور کا آغازکر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیرل میں آر ایس ایس کے تشدد آمیز حملوں کی45 سال پرانی تاریخ رہی ہے۔ یہ واقعات صرف موجودہ ایل ڈی ایف حکومت میں ہی نہیں ہو رہے ہیں بلکہ 1990 کی دہائی میں اس وقت کے وزیراعلیٰ ای کے نینار اور پھر گزشتہ دہائی میں وزیراعلیٰ وی ای اچیوتانندن تک کے دور اقتدار میں بھی حملوں کا سلسلہ جاری تھا۔
کیرل میں بی جے پی کی موجودہ مہم کے دوران شاہ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے کارکنان کے قتل کے پیچھے بایاں محاذ کی انتہاپسندی کو اہم وجہ بتاتے ہوئے ریاست کی سی پی آئی (ایم) حکومت کو الزامات کے گھیرے میں لیا ہے۔ان الزامات کو غلط بتاتے ہوئے کرات نے کہا کہ ریاست کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین کی رہنمائی والی کیرل حکومت کا گزشتہ 17 مہینے کے دور اقتدار میں کیا گیا کام اجاگر کرتا ہے کہ بی جے پی کی اقتصادی پالیسیوں اور فرقہ وارانہ ایجنڈے کی ریاست میں واحد متبادل ایل ڈی ایف حکومت ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرل میں بی جے پی کے پیدل مارچ میں کئے جا رہے جھوٹے دعوے سے لوگوں میں بایاں بازو اور غیرفرقہ وارانہ سیاست کی تئیں اعتماد بڑھےگا۔
Categories: خبریں