خبریں

نجیب معاملہ میں سی بی آئی دفتر کے باہر مظاہرہ

Najeeb_Scroll

Photo Credit : Abhishek Dey/Scroll

نئی دہلی: جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو)کے لاپتہ طالب علم نجیب احمد کو جلد تلاش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسکے رشتہ داروں اور یونیورسٹی کے طلبا نے آج یہاں سی بی آئی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ گزشتہ سال 15اکتوبرسے لاپتہ نجیب کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔نجیب جے این یو میں ایم ایس سی سال اول کا طالب علم تھا۔گزشتہ  سال 13اکتوبر کو لاپتہ ہونے سے پہلے اسکا اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی )کے کچھ لوگوں سے جھگڑا ہواتھا۔

یہ بھی پڑھیں : گمشدگی کے 365+ دن، میرا بچہ کہاں ہے ؟

سی بی آئی معاملہ کی جانچ کررہی ہے ۔اس بیچ دہلی پولیس نے نجیب کی اطلاع دینے والے کو 10لاکھ کا انعام بھی دینے کا اعلان کیا ہے ۔پولیس کی کئی ٹیمیں اس جانچ میں مصروف ہیں لیکن ابھی تک نجیب کا کوئی سراغ نہیں لگا ہے ۔سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ خود نجیب کی ماں فاطمہ نفیس نے کیا تھا ،لیکن انکا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے معاملہ میں کوئی جانچ کی ہی نہیں ہے ۔سی بی آئی سے پہلے نجیب کے گم شدہ ہونے کی جانچ جنوبی دہلی کی پولیس کررہی تھی ۔

پولیس نے عدالت میں کہا تھا کہ عدالت اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرتی ہے تو اسے کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔عدالت نے معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا حکم دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا تھا کہ جانچ کی سربراہی کرنے والا افسر ڈی آئی جی رینک سے کم کا نہیں ہوگا ۔