خبریں

نتیش سرکار میں گھوٹالے پر گھوٹالا :آرجے ڈی

ایمانداری کا چولا اوڑھ کر گھوٹالا کرواتے رہتے ہیں ،دلتوں کے وکاس کے کروڑ وں روپے ڈکار گئے: تیجسوی یادو

Nitish_Lalu_Reutersنئی دہلی : راشٹریہ جنتا دل(آرجے ڈی)کےصدر لالو پرساد یادو نے حکمراں جنتا دل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) کےدو دلت لیڈروں کے مرکز اور بہار حکومت کی ریزرویشن مخالف پالیسیوں کے سلسلے میں دیئے گئے بیان کی حمایت کرتے ہوئےآج کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمارریزرویشن کے مخالف ہیں۔مسٹر یادو نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ جے ڈی یو کے اسمبلی میں پارٹی کے نائب لیڈر شیام رجک اور اسمبلی کےسابق صدر ادے نارائن چودھری کا یہ کہنا کہ مرکز اور بہار حکومت دلتوں کو ریزرویشن دینے کے معاملے کو نظر انداز کر رہی ہے، یہ درست ہے۔

آر جے ڈی صدر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو کے راجیہ سبھا ممبر پارلیامنٹ آرسی پی سنگھ ریت مافیاؤں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔بہار میں شراب کی ہوم ڈیلوری ہو رہی ہے۔ شراب بندی صرف کاغذ پر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچے شراب مافیاؤں کے ایجنٹ بن رہے ہیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ شراب بندی وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کے قابو سے باہر کی بات ہو گئی ہے۔ جے ڈی یو کے راجیہ سبھا ممبر پارلیامنٹ مسٹر سنگھ کے پاس شراب مافیاؤں کا پیسہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاگلپور کے سرجن گھوٹالے کا پیسہ مسٹر سنگھ کے پاس پہنچایا گیا ہے۔

آر جے ڈی صدر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے وقت جے ڈی یو لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ مسٹر سنگھ چھاپہ ماری کے خوف سےانڈرگرائونڈ تھے اور اس کی اطلاع انہیں انتخابات میں جے ڈی یو کے سیاسی پالیسی ساز پرشانت کشورنے دی تھی۔ انہوں نے مسٹر سنگھ پر تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے رقم وصول کرنے کا بھی الزام لگایا۔مسٹر یادو نے کہا کہ اگر پٹنہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ میں ہمت ہے تو وہ حکمراں جنتا دل یو کے ریاستی ترجمان کے گھر چھاپہ ماری کریں۔جے ڈی یو ترجمان کے گھر ہر شام شراب کی پارٹی کی جاتی ہے۔

دریں اثنا بہار مہا دلت وکاس مشن کے مبینہ گھوٹالوں سے متعلق خبروں کے حوالے سے راجد نیتا تیجسوی یادو نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نتیش جی کیسے وزیراعلیٰ ہیں ،ہر دوسرے دن ان کی ناک کے نیچے گھوٹالے ہوتے رہتے ہیں ۔ایمانداری کا چولا اوڑھ کر گھوٹالا کرواتے رہتے ہیں ،دلتوں کے وکاس کے کروڑ وں روپے ڈکار گئے۔

این ڈی ٹی کی خبر کے مطابق شیوانند تیواری نے ایک بیان میں کہا کہ نتیش سرکار گھوٹالوں کا رکارڈ بنا رہی ہے۔دھان خرید گھوٹالا سمیت دلت طلبا کے اسکالرشپ گھوٹالا اور اب مہادلت مشن میں گھوٹالا ۔یہ وہ گھوٹالے ہیں جو اجاگر ہوئے ہیں اور نہ جانے کتنے گھوٹالے اجاگر ہونے کے انتظار میں ہیں۔

شیوانندتیواری نے کہا ہے کہ ؛ہر گھوٹالا اجاگر ہونے کے بعد نتیش کمار کا رٹا رٹایا بیان ہوتا ہے ،جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے،قصور وار بخشے نہیں جائیں گے،پھر کچھ وقفے کے بعد نیا گھوٹالا سامنے آجاتا ہے۔

(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)