اردو میں گرونانک پر متعدد نظمیں کہی گئی ہیں ،یہاں گرو نانک جینتی کے موقع پر علامہ اقبال کی نظم نانک اور تلوک چند محروم کی نظم تصویر رحمت ملاحظہ فرمائیں۔
نئی دہلی:صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند،وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نےباشندگان ملک کو آج گروپرو کے مبارک موقع پراپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی ہے۔صدر جمہوریہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ’’ ہم گرونانك جی کے دکھائے گئے امن، محبت وشفقت اور خدمت کے راستے پر چلیں اور سماج میں بھائی چارے اور باہمی تعاون کے لئے ان کے بتائے راستے کی تقلید کریں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ’’گرو نانک جینتی کے اس مبارک موقع پر ہم گرونانک دیو جی کی تعلیمات کو یاد کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہیں اور انکی بیش بہاخدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلنے کی باشندگان ملک سے اپیل کرتے ہیں۔‘‘
کانگریس صدر محترمہ سونیاگاندھ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہےکہ’’وہ صرف مقدس کتاب گروگرنتھ صاحب کے مصنف اور شارح ہی نہیں بلکہ عظیم مبلغ بھی تھے۔ انہوں نے توحیدکا درس دیا اسی لئے ان کے معتقدین میں تمام مکتبہ فکراور تمام خیالات کے افراد شامل ہیں۔انہوں نے ہمیں زندگی کا فلسفہ سکھایا اور قربانی کی تعلیم دی اور کمزوروں کی مددکرنے کا عملی نمونہ پیش کیا۔
اردو میں گرونانک پر متعدد نظمیں کہی گئی ہیں ،یہاں گرو نانک جینتی کے موقع پر علامہ اقبال کی نظم نانک اور تلوک چند محروم کی نظم تصویر رحمت ملاحظہ فرمائیں ؛
قوم نے پیغام گوتم کی ذرا پروا نہ کی
قدر پہچانی نہ اپنے گوہر یک دانہ کی
آہ بد قسمت رہے آواز حق سے بے خبر
غافل اپنے پھل کی شیرینی سے ہوتا ہے شجر
آشکار اس نے کیا جو زندگی کا راز تھا
ہند کو لیکن خیالی فلسفہ پر ناز تھا
شمع حق سے جو منور ہو یہ وہ محفل نہ تھی
بارش رحمت ہوئی لیکن زمیں قابل نہ تھی
آہ شودر کے لیے ہندوستاں غم خانہ ہے
درد انسانی سے اس بستی کا دل بیگانہ ہے
برہمن سرشار ہے اب تک مئے پندار میں
شمع گوتم جل رہی ہے محفل اغیار میں
بتکدہ پھر بعد مدت کے مگر روشن ہوا
نور ابراہیم سے آزر کا گھر روشن ہوا
پھر اٹھی آخر صدا توحید کی پنجاب سے
ہند کو اک مرد کامل نے جگایا خواب سے
علامہ اقبال
~
تری توقیر سے توقیر ہستی ہے گرو نانک
تری تنویر ہر ذرے میں بستی ہے گرو نانک
تری جاگیر میں عرفاں کی مستی ہے گرو نانک
تری تحریر اوج حق پرستی ہے گرو نانک
تری تصویر سے رحمت برستی ہے گرو نانک
ظہورستان رحمت ہے کہ یہ تصویر ہے تیری
کوئی نقش حقیقت ہے کہ یہ تصویر ہے تیری
عیاں صبح سعادت ہے کہ یہ تصویر ہے تیری
دل مضطر کی راحت ہے کہ یہ تصویر ہے تیری
تری تصویر سے رحمت برستی ہے گرو نانک
تلوک چند
(خبررساں ایجنسی یو این آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: ادبستان