کاروباری طبقہ جو پہلے مضبوطی سے بی جے پی کے ساتھ تھا،اب وہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے بھگوا پارٹی سے الگ ہوگیا ہے۔
ناگپور:نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی گجرات میں اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرے گی۔بدھ کو گڈچرولی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شرد پوار نے کہا کہ این سی پی گجرات اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس کے ساتھ گٹھ بندھن کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں انتخابی صورتحال کانگریس کے حق میں ہے۔
مسٹر شرد پوار نے کہا کہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظراپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد بھی تیار کیا جاسکتا ہے،کیونکہ موجودہ حکومت کے خلاف لوگوں میں کافی ناراضگی پائی جاتی ہے۔واضح ہو کہ شرد پوار مہاراشٹر میں کل سے ودربھ کے چار روزہ علاقائی دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ جو پہلے مضبوطی سے بی جے پی کے ساتھ تھا،اب وہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے بھگوا پارٹی سے الگ ہوگیا ہے۔
سابق وزیر زراعت نے کہا کہ ٹیکس لگانا ضروری ہے، لیکن ٹیکس کا ڈھانچہ اس طورپر تیار کیا جانا چاہئے کہ اس سے لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔بلٹ ٹرین کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلیٹ ٹرین کبھی حقیقت نہیں بن سکے گی۔
Categories: خبریں