خبریں

اندور: پبلک مقامات میں تھوکنے پر جرمانے کے ساتھ ریڈیو پر نام آئے گا

 اندور کارپوریشن کے ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد صفائی اور ستھرائی کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنا اور صحت کے لئے مضر اشیا کا استعمال کرنے سے لوگوں کو روکنے کی کوشش کرنا ہے۔

اندور: مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں آج محض آدھے گھنٹے میں اندور میونسپل کارپوریشن کے حکام نے پبلک مقامات پر تھوکنے والے چھ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان  پر پانچ پانچ سو روپے کا جرمانہ کیا۔کارپوریشن کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر نٹور سارڈا نے بتایا کہ پبلک مقامات پر تھوکنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کے احکامات آج سے نافذ ہوگئے ہیں، جس کے تحت آج صبح 10 بجے سے ساڑھے دس بجے کے درمیان چھ لوگوں کو تھوکنے اور گندگی پھیلانے کے جرم میں پکڑا گیا اور سبھی سے پانچ پانچ سو روپے وصول کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد صفائی اور ستھرائی کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنا اور صحت کے لئے مضر اشیا کا استعمال کرنے سے لوگوں کو روکنے کی کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سبھی لوگوں کے نام ریڈیو اور دیگر ذرائع سے منظر عام پر لائے جائیں گے۔

واضح ہو کہ مئی2017میں منسٹری آف اربن ڈیلوپمنٹ کی جانب سے کیے گئے ایک سروے کے مطابق اندور کو ملک کا سب سے صاف ستھرا شہر قرار دیا گیا تھا۔

(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)