خبریں

کملا ملز کمپاؤنڈ کے ریستوراں میں آگ ،14لوگوں کی موت

مرنے والوں میں 11عورتیں شامل،دیر رات ہوئے حادثے میں 21لوگ شدید طور پرزخمی

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: ممبئی کے کملا ملز کمپاؤنڈ میں واقع ریسٹورنٹ میں دیر رات آگ لگنے سے کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی اور 21لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ کو تقریباً رات ساڑھے 12 بجے کملا ملز کمپاؤنڈ کےبار اینڈ ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ 30 منٹ کے اندر اندر پورے ریسٹورنٹ میں پھیل گئی۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔آگ میں جھلسے لوگوں کواسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کملا ملز احاطے میں بنے روف ٹاپ پر ریستوراں میں ایک 29سالہ خوشبو مہتہ کا برتھ ڈے منایا جارہا تھا ۔اس حادثے میں اس کی بھی موت ہوگئی۔مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ  دیویندر فڈنویس نے اپنے ٹوئٹ میں رنج و غم کا اظہار کیا ہے؛

محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق مارے گئے لوگوں میں 11 خواتین شامل ہیں جو ریسٹورنٹ کی چھت پر پارٹی میں شامل ہونے کے لئے گئی تھیں۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔کملا ملز کمپاؤنڈ میں جدید صنعتی کیمپس ، ریسٹورنٹ، تجارتی کمپلیکس کے علاوہ کئی میڈیا اداروں کے دفتر واقع ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے ممبئی کے کملا ملز کمپاؤنڈ کے ریسٹورنٹ میں لگی آگ میں بہت سے لوگوں کے مرنے پر غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے۔مسٹر مودی نے آج کہا کہ ’’ممبئی میں آتشزدگی کے واقعہ سے میں غمزدہ ہوں۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔اس معاملے میں مہاراشٹر حکومت نے 5لوگوں کو برخاست کردیاہے،حکومت اس سلسلے میں سخت قدم اٹھانے کے کی بات کر رہی ہے؛

(خبر رساں ایجنسی بھاشا اور یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)