دلت فیکلٹی ممبران کو جو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں ان میں ان کی ذات (کاسٹ کیٹیگری) کے ساتھ مخاطب کیا گیا ہے۔
نئی دہلی :جموں یونیورسٹی میں کنووکیشن کے لیے بھیجے گئے دعوت ناموں پرفیکلٹی ممبران کی ذات لکھنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔حالانکہ یونیورسٹی کے وی سی نے اسے ‘انسانی غلطی ‘سے تعبیر کیا ہے جبکہ ایک فیکلٹی ممبر کا کہنا ہے کہ اس طرح کی حکمت عملی کا استعمال پہلی بار نہیں کیا گیا۔
واضح ہو کہ جمو ں یونیورسٹی میں 4 مارچ کو اپنا 17 واں کنووکیشن کرنے جا رہی ہے جس میں دلت فیکلٹی ممبران کو جو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں ان میں ان کی ذات (کاسٹ کیٹیگری) کے ساتھ مخاطب کیا گیا ہے۔ ہر دلت فیکلٹی ممبر کے نام کے سامنے بریکٹ میں ایس سی(SC) بھی درج کیا گیا ہے۔تقریباً 30 فیکلٹی ممبران کو اس طرح کے دعوت نامے بھیجے گئےہیں ۔جن میں سے 12 لوگوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں اس طرح کے دعوت نامے ملے ہیں، جن میں ان کی کاسٹ لکھی گئی ہے۔غور طلب ہے کہ اس کنووکیشن میں مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی چیف گیسٹ کے طور پر بلائے گئے ہیں ،ساتھ ہی جموں وکشمیر کے گورنر این این ووہرا، یونیورسٹی کے چانسلراور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھی اس پروگرام میں مدعو ہیں۔
اس معاملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی کے وی سی نے دی وائر سے ہوئی بات چیت میں اسے انسانی غلطی کہا ہےاور اس کے لیے معذرت کرتے ہوئے یہ یقین دلایا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی غلطی نہیں ہو گی۔ یونیورسٹی کی رجسٹرار میناکشی کیلم نے بھی دی وائر کو کیے ایک میسیج میں اس بات کے لیے معافی مانگی ہے۔
البتہ یونیورسٹی میں معاشیات کے پروفیسر وریندر کندل نے اس واقعہ پرکہا کہ انھیں کوئی حیرت نہیں ہوئی ،کیونکہ فیکلٹی میں اس طرح کا واقعہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا، کاسٹ سے متعلق اس طرح کے شرمناک واقعات کا سامنا انھیں آئے دن کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اس بار بھی نہیں بولے تو یہ ایک روٹین ہو جائے گی اور ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں انتظامیہ ہمیں ایس سی 1، ایس سی 2 وغیرہ کے ٹیگ سے مخاطب کرے ۔ اس لیے ہم اس برتری کے تصور کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔یہ دعوت دوسرے فیکلٹی ممبران میں راکیش کمار اتری،اشونی کمار کلسی، مدھولکا بھگت،سوم ناتھ کندل، سندیپ آریا اور کئی دوسرے لوگوں کو بھی دیا گیا ہے۔
Categories: خبریں