راجستھان کے الور ضلع کا معاملہ : رنگ لگانے کو لے کر ہوا تھا جھگڑا ۔
نئی دہلی:راجستھان میں الور ضلع کے بھیواڑی تھانہ کے علاقے میں جمعہ کو ایک نابالغ دلت کو کچھ دوسرے فرقے کے لوگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ڈپٹی سپریٹنڈینٹ آف پولیس (بھیواڑی)پشپیندر سولنکی نے بتایا کہ نیرج جاٹو (16)دیگر فرقے کے نوجوانوں کے ساتھ ہولی کھیل رہا تھا۔اسی دوران جاٹو کا نوجوانوں کے ساتھ جھگڑا ہو گیا۔
انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں بھیواڑی کے ڈی ایس پی پشپیندر سولنکی نے بتایا کہ واردات تین بجے کے آس پاس ہوئی۔ پہلی جانچ میں پتا چلا ہے کہ دو فرقہ ہولی کھیل رہے تھے ۔ رنگ لگانے کو لے کر لڑائی شروع ہوئی ۔ لڑائی کے دوران دونوں فرقے کے لوگ نشے میں تھے ۔ رپورٹ کے مطابق بھیواڑی کے ہیلتھ سنٹر پہنچنے کے بعد جاٹو کے مرنے کی تصدیق کر دی گئی۔ ناراض رشتہ داروں نے اس کے خلاف وہیں مظاہرہ شروع کر دیا اوراحاطہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
افسروں نے بتایا کہ ملزموں کے نام نہیں بتائے جا رہے ہیں کیونکہ یہ سب نابالغ ہو سکتے ہیں ۔سولنکی نے بتایا کہ تین سے چار ملزموں کی تلاش میں الگ الگ ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔ ان کے خلاف کیس درج کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی ٹھوس وجہوں کا پتہ چل سکے گا۔ حالانکہ گھر والوں کا کہنا ہے کہ نیرج کو لاٹھیوں سے پیٹا گیا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں