خبریں

بہار : امن و قانون کی بگڑتی صورتحال پر رابڑی دھرنے پر بیٹھیں

رابڑی دیوی نے کہاکہ اپوزیشن کو ایوان میں اپنی بات کہنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جب اپوزیشن میں تھی تب وہ ایسے امور پر ایوان کو چلنے نہیں دیتی تھی۔رابڑی نے سرکار پر من مانی کا الزام لگا یا ہے۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی لیڈر رابڑی دیوی آج ریاست میں امن و قانون کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر  دھرنے پربیٹھ گئیں۔قانون ساز کونسل میں امن و قانون کی صورتحال کے تعلق سے ایوان میں بحث کرانے کے لئے آر جے ڈی کے سنجے پرساد کی جانب سے تحریک التوا کو منظور کرنے کی مانگ منظور نہیں ہونے کے بعد آر جے ڈی کے اراکین ایوان کے درمیان میں آکر شور کرنے لگے۔

 ڈپٹی اسپیکر ہارون رشید نے آر جے ڈی کے سبودھ رائے کو ایوان سے باہر جانے اور کارروائی چلنے دینے کے لئے کہا۔ اس سے ناراض محترمہ رابڑی دیوی نے کہاکہ اپوزیشن کو ایوان میں اپنی بات کہنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپوزیشن میں تھی تب وہ ایسے امور پر ایوان کو چلنے نہیں دیتی تھی۔

رابڑی دیوی نے کہاکہ اپوزیشن عوام کے سوالات کو ایوان میں نہیں اٹھائے گی تو پھر کون اٹھائے گا اور پھر اس کا جواب بھی ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے بغیر ایوان چلانا ہے تو چلائیں۔ یہ کہتے ہوئے رابڑی دیوی اور ان کے ساتھ آر جے دی کے اراکین ایوان سے واک آوٹ کر گئے اور کونسل کے دروازے پر دھرنا پر بیٹھ گئے۔

آج تک کے مطابق؛بہار سرکار سے ناراض بہار کی سابق وزیر اعلیٰ  رابڑی دیوی ودھان پریشد کے انٹری گیٹ پر بیٹھ گئیں ۔ان کے ساتھ کئی ایم ایل اے بھی دھرنے پر بیٹھ گئے اور نتیش حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے ۔ اس دوران رابڑی نے سرکار پر من مانی کا الزام لگا یا ہے۔

(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)