سنت سماج نے کہا تھا کہ ریاست کے 45 ضلعوں میں نرمدا کنارے لگائے گئے 6.5 کروڑ پودوں کی گنتی کرائی جائےگی۔ سنتوں نے اس سرکاری دعویٰ کو مہاگھوٹالہ قرار دےکر نرمدا گھوٹالہ رتھ یاترا نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
نئی دہلی : مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت نے منگل کو پانچ مذہبی اور روحانی ہندو گروؤں کو وزیرمملکت کا درجہ دیا ہے۔وزیرمملکت کا درجہ دینے سے پہلے ریاستی حکومت نے ان پانچ سنتوں کی قیادت میں نرمدا سے لگے علاقوں میں پودے لگانا، آبی تحفظ اور صاف صفائی جیسے موضوعات پر عوامی بیداری مہم چلانے کے لئے ایک خاص کمیٹی تشکیل کی تھی۔ کمیٹی کے ممبر بننے اور وزیر مملکت کا درجہ پانے والے بابا نرمدانندجی، ہرہرانندجی، کمپیوٹر بابا، بھیّو مہاراج اور پنڈت یوگیندر مہنت ہیں۔
غور طلب ہے کہ انہی باباؤں کی قیادت میں 28 مارچ کو اندور میں ہوئے سنت سماج کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا تھا کہ ریاست کے 45 ضلعوں میں ان 6.5 کروڑ پودوں کی گنتی کرائی جائےگی، جن کو گزشتہ سال 2 جولائی کو ریاستی حکومت کے ذریعے نرمدا کے کنارے لگانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔انہوں نے اس سرکاری دعویٰ کو مہاگھوٹالہ قرار دیا تھا اور نرمدا گھوٹالہ رتھ یاترا نکالنے کا اعلان کیا تھا۔اجلاس میں طے ہوا تھا کہ 1 اپریل سے 15 مئی تک نرمدا گھوٹالہ رتھ یاترا نکالی جائے۔ جس کی قیادت کمپیوٹر بابا کریںگے، جبکہ آرگنائزر پنڈت یوگیندر مہنت ہوںگے۔ مہنت نے تب اعلان کیا تھا کہ بھوپال سیکرٹریٹ میں سنت دھرنا دیںگے۔
ناراض سنت سماج کے اس انتباہ کے بعد وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بیتے دنوں سادھو سنتوں کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر اجلاس بھی کیا تھا۔حکومت کے اس فیصلے کے بعد سنتوں نے اپنی رتھ یاترا ملتوی کر دی ہے۔اس سلسے میں کمپیوٹر بابا کا کہنا ہے کہ اب گھوٹالے کی بات کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا۔ ہم عوام میں بیداری پیدا کریںگے۔ ہمیں کام دیا ہے تو کریںگے۔وہیں، یوگیندر مہنت نے کہا، ‘ ہم گھوٹالہ کی بات نہیں کریںگے۔ مشورہ دیںگے، جس سے نرمدا کا بہاؤ بڑھے۔ ‘
اس درمیان کانگریس نے کمپیوٹر بابا اور مہنت کی منشا پر سوال اٹھائے ہیں ۔کانگریس کے ریاستی ترجمان نریندر سلوجا نے کہا ؛ان دونوں کو واضح کرنا چاہیے کہ انہوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت کے ساتھ کون سی ڈیل کے تحت نرمدا گھوٹالہ رتھ یاترا رد کر دی ہے ۔کیا انہوں نے وزیر مملک کا درجہ حاصل کرنے کے لیے ہی اس یاترا کا اعلان کیا تھا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں