خبریں

ریزرویشن ٹیلنٹ کے ساتھ مذاق ،40 والے کو 90 فیصدی والے کے اوپر بٹھانے سے پچھڑے گاملک: بی جے پی رہنما

مدھیہ پردیش کے پنچایت اینڈ رورل ڈیولپمنٹ منسٹر گوپال بھارگو نے ریزرویشن کو ایشور کےبنائے گئے  نظام کے ساتھ مذاق بتایا۔

گوپال بھارگو/فیس بک

گوپال بھارگو/فیس بک

نئی دہلی :  مدھیہ پردیش کے پنچایت اینڈ روول ڈیولپمنٹ منسٹر گوپال بھارگو نے ریزرویشن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ریزرویشن ملک کو پچھڑا بناتا ہے۔پتریکاکے مطابق انہوں نے نرسنگھ پور ضلع میں ایک کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ‘ جب 40 فیصدی والے کو 90 فیصدی والے کے اوپر بٹھا  دیا جائے گا تو ملک پچھڑ جائے گا ۔یہ صرف براہمنوں کے ساتھ نہیں ،ٹیلنٹ کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریزرویشن سے ٹیلنٹ کا نقصان ہو رہا ہے ،چاہے وہ کسی بھی گروہ کی ہو۔ اسی وجہ سے مائگریشن بھی ہو رہا ہے۔

بھارگو نے آگے کہا’ کوئی کمزور ہے تو ٹھیک ہے جو جس کا اہل ہے وہ اس کو ملنا چاہیے۔لیکن 98 فیصدی نمبر  والے کو گھر بٹھا دوگے تو بھارت ماتا کبھی معاف نہیں کرے گی’۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پہلے سرکاری  نوکری میں ایک چوتھائی لوگ برہمن سماج کے ہوتے تھے،جو محض 10 فیصد بچے ہیں ۔وہ یہ بھی بولے کہ آج جن لوگوں کا ملک کی تحریک آزادی میں کوئی رول نہیں رہا ،ان کی پرتیما ئیں لگائی جا رہی ہیں ۔پروگرام میں شنکراچاریہ سوروپا نند سرسوتی ،کانگریس رہنما سریش پچوری بھی موجود تھے۔

دینک بھاسکر کی خبر کے مطابق بھارگو نے ریزرویشن کو ایشور کے بنائے گئے نظام کے ساتھ بھی مذاق بتایا ۔حالانکہ جب بعد میں ان کے اس بیان کا ویڈیو وائرل ہوگیا تو اپنے بیان سے مکرتے ہوئے صفائی میں انہوں نے کہا ‘ میرے بیان کو  سیاسی بنا کر توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے ۔ میں ریزرویشن کے حق میں ہوں ۔میں نے ایس سی جماعت کے سیکڑوں نوجوانوں کو نوکری دلوائی ہے’۔