خبریں

سپریم کورٹ نے کہا، امید ہے جلدہی لوک پال کی تقرری کرے‌گی حکومت

سپریم کورٹ  نے فی الحال لوک پال کی تقرری کو لےکر آرڈر  جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 15 مئی کو ہوگی۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی  : سپریم کورٹ نے امید جتائی ہے کہ حکومت جلد سے جلد لوک پال کی تقرری کرنے کا قدم اٹھائے‌گی۔ مرکز نے منگل کوسپریم کورٹ  کو جانکاری دی کہ لوک پال کی تقرری کے لئے سلیکشن کمیٹی میں معزز ماہرِ قانون کے خالی عہدوں کو بھرنے کا عمل جاری ہے۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی بنچ کو جانکاری دی  کہ پینل میں ایک معزز ماہرِ قانون کو شامل کرنے کی سفارش کی جا چکی ہے اور اس کا عمل جاری ہے۔ بنچ نے کہا کہ اس کو اس مرحلے میں کوئی آرڈر دینے  کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی ہے۔ بنچ نے امید جتائی کہ لوک پال کی تقرری کا عمل جلد سے جلد پورا کیا جائے‌گا۔ بنچ نے اس معاملے پر سماعت کی اگلی تاریخ 15 مئی طے کی ہے۔

پہلے سینئر  وکیل پی پی راو  کی  تقرری کمیٹی میں معزز ماہرِ قانون کے عہدے پر کی گئی تھی لیکن گزشتہ  سال ان کی موت کے بعد سے یہ عہدہ خالی پڑا ہے۔ بنچ غیر سرکاری تنظیم کامن کاز کی طرف سے دائر کی گئی ڈس آنر  عرضی کی سماعت کر رہی تھی۔ تنظیم نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ  کے  گزشتہ  سال 27 اپریل کے آرڈرکے باوجود لوک پال کی تقرری نہیں کی جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ  نے اپنے گزشتہ  سال کے فیصلے میں کہا تھا کہ مجوزہ ترمیم کو پارلیامنٹ  سے منظوری ملنے تک لوک پال قانون کو نافذ کرنے سے روکنے کے پیچھے کوئی دلیل نہیں ہے۔ ان تجاویز میں لوک سبھا میں حزب مخالف کے رہنما کا مدعا بھی شامل ہے۔