خبریں

بودھ گیا سیریل بلاسٹ: 5 مجرم قرار، 31 مئی کو سنایا جائے گا فیصلہ

بہار کے بودھ گیا میں 7 جولائی 2013 کو ہوئے مہا بودھی مندر سیریل بلاسٹ معاملے میں این آئی اے کی اسپیشل کورٹ نے سبھی 5 ملزموں کو مجرم قرار دیا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بہار کے بودھ گیا میں 7 جولائی 2013 کو ہوئے مہا بودھی مندر سیریل بلاسٹ معاملے میں این آئی اے کی اسپیشل کورٹ نے سبھی 5 ملزموں کو مجرم قرار دیا ہے۔خبررساں ایجنسی اے این آئی  کے مطابق ، عدالت  31 مئی کوسزا سنائے گی ۔بودھ گیا سیریل بلاسٹ میں این آئی اےکورٹ کے اسپیشل جج منوج کمار نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ واضح ہو کہ 7 جولائی 2013 کو بودھ گیا میں ہوئے ایک کے بعد ایک سیریل بلاسٹ میں 2 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔

زی نیوز کے مطابق ؛ اس بلاسٹ میں ایک تبتی بودھ درویش اور میانمار کے عقیدت مند زخمی ہوگئے تھے ۔آج تک کے مطابق ، ان 10 بم بلاسٹ میں سے 5 مہا بودھی مندر کے اندر ہوئے تھے، 3 تیر گر مٹھ میں ہوئے تھے جہاں قریب  200 درویش رہتے تھے اور ایک ایک بلاسٹ 80 فٹ کی بدھ کے مجسمہ کے پاس اور بائی پاس کے قریب بس اسٹینڈ پر ہوئے تھے۔بلاسٹ کے بعد سکیورٹی فورسیز نے 3 بنا پھٹے  بم بھی برآمد کیے تھے۔

اس معاملے میں 5 لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ؛ بودھ گیا بلاسٹ میں این آئی اے نے قریب 90 گواہوں کو پیش کیا۔ 11 مئی 2018 کو دونوں فریق  کی طرف سے بحث پوری ہونے کے بعد اسپیشل جج نے 25 مئی تک کے لیے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ جانچ ایجنسی این آئی اے نے امتیاز انصاری،عمر صدیقی، اظہر الدین قریشی ، مجیب اللہ انصاری کو ملزم بنایا تھا۔ جن کو جمعہ کو عدالت نے مجرم قرار دیاہے۔ حیدر ، مجیب اللہ اور امتیاز رانچی کے رہنے والے ہیں جبکہ عمر اور اظہر چھتیس گڑھ کے رائے پور کے رہنے والے ہیں۔ فی الحال یہ سبھی بیئور جیل پٹنہ میں بند ہیں۔

لائیو  ہندوستان کے مطابق؛ معاملے کی جانچ این آئی اے کو سونپی گئی تھی۔ این آئی اے نےجانچ کے بعد 6 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی جن میں سے ایک ملزم نابالغ تھا ،جس کی شنوائی جووینائل جسٹس بورڈ(جے جے بی)نے کرتے ہوئے کچھ دن پہلے ہی اس کو ملزم قرار دیا تھا۔باقی دوسرے 5 ملزموں کی شنوائی پٹنہ سول کورٹ میں واقع  اسپیشل کورٹ میں ہو رہی تھی۔