خبریں

بودھ گیا بلاسٹ معاملہ: سبھی5 مجرموں کو عمر قید

بودھ گیامیں 2013 میں ہوئے سیریل بلاسٹ کیس میں این آئی اے کی اسپیشل کورٹ  نے سبھی مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : بودھ گیامیں 2013 میں ہوئے سیریل بلاسٹ کیس میں این آئی اے کی اسپیشل کورٹ  نے سبھی مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔بہار کے بودھ گیا میں 7 جولائی 2013 کو ہوئے 9 سلسلے وار بلاسٹ  میں ایک تبتی بودھ درویش اور میانمار کے عقیدت مند زخمی ہوگئے تھے۔این بی ٹی کے مطابق، اس معاملے میں این آئی اے کی اسپیشل کورٹ نے 25 مئی کو سبھی 5ملزموں کو مجرم قرار دیا تھا ۔جن کو آج عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق، پٹنہ واقع این آئی کی اسپیشل کورٹ کے خاص جج منوج کمار نے بلاسٹ کے ملزموں اور انڈین مجاہدین کے ممبر حیدر علی عرف بلیک بیوٹی ، امتیاز انصاری،عمر صدیقی، اظہر الدین قریشی ، مجیب اللہ انصاری کو گزشتہ 25 مئی کو ملزم قرار دیا تھا۔ عدالت نے جمعہ  کو ملزم قرار دیے گئے سبھی ملزموں کو عمر قید اور 40-40ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

غور طلب ہے کہ معاملے کی جانچ کرتے ہوئے این آئی اے نے 5 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔بودھ گیا بلاسٹ میں این آئی اے نے قریب 90 گواہوں کو پیش کیا۔ 11 مئی 2018 کو دونوں فریق  کی طرف سے بحث پوری ہونے کے بعد اسپیشل جج نے 25 مئی تک کے لیے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ جانچ ایجنسی این آئی اے نے امتیاز انصاری،عمر صدیقی، اظہر الدین قریشی ، مجیب اللہ انصاری کو ملزم بنایا تھا۔ حیدر ، مجیب اللہ اور امتیاز رانچی کے رہنے والے ہیں جبکہ عمر اور اظہر چھتیس گڑھ کے رائے پور کے رہنے والے ہیں۔ فی الحال یہ سبھی بیئور جیل پٹنہ میں بند ہیں۔

واضح ہو کہ معاملے کی جانچ این آئی اے کو سونپی گئی تھی۔ این آئی اے نےجانچ کے بعد3 جون 2014 کو  6 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی جن میں سے ایک ملزم نابالغ تھا ،جس کی شنوائی جووینائل جسٹس بورڈ(جے جے بی)نے کرتے ہوئے کچھ دن پہلے ہی اس کو ملزم قرار دیا تھا۔باقی دوسرے 5 ملزموں کی شنوائی پٹنہ سول کورٹ میں واقع  اسپیشل کورٹ میں ہو رہی تھی۔