خبریں

ریل میں اضافی سامان لے جانے پر مسافروں کو دینا ہوگا 6 گنا جرمانہ

ریلوے بورڈ کے محکمہ اطلاعات ونشریات کے ڈائریکٹر وید پرکاش نے کہا کہ یہ قدم مسافروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے اور ڈبوں کے اندر ہونے والی بھیڑ سے نپٹنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

علامتی تصویر: رائٹرس

علامتی تصویر: رائٹرس

نئی دہلی:ریلوے میں سفر کرنا مسافروں کے لئے کسی خوفناک خواب سے کم نہیں ہوتا۔ ریلوے مسافروں کو اپنی  خدمات فراہم کرنے کے معاملے میں ہمیشہ تنقیدکا نشانہ بنتا رہا  ہے۔باوجود اس کےمسافروں کی سہولیات میں تو کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا، لیکن کرایہ ضرور وقتاًفوقتاً بڑھتا رہا ہے۔

اسی کڑی میں ہوائی جہاز کی طرح ہی اب ٹرین میں حد سے زیادہ سامان لے جانے پر مسافروں کو محتاط رہنا ہوگا۔کیونکہ ریلوے اب سفر کے دوران زیادہ سامان لے جانے پر طےشدہ رقم سے 6گنا زیادہ جرمانہ لگانے کا اہتمام کرنے جا رہا ہے۔ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ ٹرین کے ڈبوں میں زیادہ سے زیادہ سامان لے جانے کو لےکر لگاتار مل رہی شکایتوں کے مدنظر ریلوے نے اپنے تین دہائی پرانے اصول کو سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔اس کے تحت مسافروں کو زیادہ سامان لے جانے پر طےشدہ رقم سے 6 گنا زیادہ رقم بطور جرمانہ دینا ہوگا۔

طےشدہ اصولوں کے مطابق، سلیپر کلاس اور سیکنڈ کلاس میں مسافر بنا اضافی ادائیگی کئے بالترتیب40 کلوگرام اور 35 کلوگرام تک سامان لے جا سکتے ہیں اور پارسل دفتر میں اضافی ادائیگی کرکے  وہ بالترتیب80 کلوگرام اور 70 کلوگرام سامان لے جا سکتے ہیں۔اضافی سامان مال گاڑی میں رکھا جاتا ہے۔

ریلوےبورڈ کے محکمہ اطلاعات ونشریات کے ڈائریکٹر وید پرکاش نے کہا؛اگر مسافر  طےشدہ حد سے زیادہ سامان بنا بک کرائے لے جاتے پایا گیا تو سامان پر طےشدہ رقم سے 6 گنا زیادہ ادائیگی کرنی ہوگی۔یہ قدم مسافروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے اور ڈبوں کے اندر ہونے والی بھیڑ سے نپٹنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔افسر نے کہا کہ مسافروں کے ذریعے لے جائے جا رہے سامان پر نگرانی رکھنے کے لئے ناگہانی دورے کئے جائیں‌گے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)