خبریں

امت شاہ سے ملاقات کے بعد شیو سینا کا اعلان ؛آئندہ لوک سبھا الیکشن ہم اکیلے لڑیں گے

ذرائع کے مطابق ؛بی جے پی نے شیو سینا سے ان کے لیے مہاراشٹر کابینہ میں اگلے پھیر بدل کے دوران جگہ بنانے اور مرکز میں شیو سینا کے سینئر لیڈروں کو جگہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

فائل فوٹو : پی ٹی آئی

فائل فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی :  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ اور شیوسینا سپریمو ادھو ٹھاکرے کی ملاقات کےبعد شیو سینا نے کہا ہے کہ وہ اکیلے ہی الیکشن لڑے گی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ شیو سینا کی مجلس عاملہ نے ایک تجویز پاس کی ہے کہ ہم آئندہ لوک سبھا الیکشن اکیلے لڑیں گے۔ اس رزولوشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔

راؤت نے مزید کہا کہ بدھ کو دونو ں لیڈروں کے  درمیان 2 گھنٹے تک کئی مدعوں پر بات چیت ہوئی ۔امت شاہ نے پھر سے ملنے کی بات کہی ہے ۔ہم امت شاہ کا ایجنڈہ جانتے ہیں۔

راؤت نے کہا کہ شیوسینا سپریمو ادھو ٹھاکرے آج پال گھر میں ایک ریلی کو خطاب کریں گے جہاں وہ اس ملاقات پر بھی اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔واضح ہوکہ بی جے پی صدر امت شاہ اور شیو سینا سپریمو ادھو ٹھاکرے نے بدھ کو ماتوشری میں بند کمرے میں تقریباً آدھے گھنٹے تک بات چیت کی تھی۔اس ملاقات میں کیا بات ہوئی وہ ابھی صاف نہیں ہے لیکن یہ مانا جارہا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے شیو سینا کو لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن میں اتحاد جاری رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ؛بی جے پی نے شیو سینا سے ان کے لیے مہاراشٹر کابینہ میں اگلے پھیر بدل کے دوران جگہ بنانے اور مرکز میں شیو سینا کے سینئر لیڈروں کو جگہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

ذرائع کی مانیں تو زیادہ تر ایم ایل اے اور ایم پی بی جے پی سے اتحاد کے حق میں ہے ان کا ماننا ہے کہ اگر بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہوتا تو پارٹی اقتدار سے باہر ہو جائے گی۔اس کے علاوہ کئی لوگ ایسے ہیں جو بی جے پی سے اتحاد نہیں کرنا چاہتے ان کا ماننا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی توسیع شیو سینا کی قیمت پر ہورہی ہے۔

غور طلب ہے کہ مہاراشٹر میں پال گھر لوک سبھا حلقہ کے حالیہ ضمنی انتخاب میں دونوں پارٹیوں نے الگ الگ الیکشن لڑا تھااور ایک دوسرے کے خلاف جم کر کیمپین کیا تھا۔بتایا جارہا ہے کہ شیو سینا خاص طور سے وزیر اعظم نریند رمودی سے ناراض ہے،اس لیے پارٹی کے لیڈر لگاتار ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔پال گھر میں بی جے پی سے شکست کے بعد شیو سینا نے بی جے پی کو اپنا سب سے بڑا سیاسی دشمن بتایا تھا۔

دریں اثنا شیو سینا نے منگل کو ہی شاہ اور ٹھاکرے کی ملاقات پر سوال اٹھایا تھا۔شیو سینااب یہ صاف کررہی ہے کہ وہ  2019کا لوک سبھا انتخاب اکیلے لڑے گی ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں پارٹیوں کے بیچ دو دہائی سے زیادہ پرانا اتحاد 2014کے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن سے پہلے ٹوٹ گیا تھا ،حالاں کہ بعد میں فڈنویس کی قیادت  میں مہاراشٹر میں حکومت بنانے  کے لیے دونوں نے دوبارہ ہاتھ ملا لیا تھا۔