خبریں

جھارکھنڈ میں سماجی کارکن سریش اراؤں کا گولی مار‌کر قتل

سینٹرل کول فیلڈس لمیٹڈ  نے جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں کوئلہ کان کی تعمیر کے لئے 200 ایکڑ زمین حاصل کی تھی۔ سریش زمین کے حصول سے بے گھر لوگوں کے حق کی لڑائی لڑ رہے تھے۔

سماجی کارکن سریش ارانو۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

سماجی کارکن سریش اراؤں۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

نئی دہلی : مہاجرین کے رہنما کے طور پر  پہچانے جانے والے اور سینٹرل کول فیلڈس لمیٹڈ (سی سی ایل) کے خلاف مورچہ کھولنے والے سریش اراؤں کا ریاست کے چترا ضلع‎ کے پیپر وار میں گولیوں سے بھون‌کر قتل کر دیا گیا ہے۔ دینک بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق، این کے ایریا کی پرناڈیہہ پروجیکٹ  میں کام کرنے والے  سی سی ایل ملازم اور بے گھرافراد کے رہنما سریش اراؤں کا جمعرات کی صبح 10:30 بجے گولی مار‌کر قتل کر دیا گیا۔

وہ سرنا سماج کی ایک پرارتھنا سبھا میں شامل ہونے گئے تھے۔ مذہبی رسومات  کے درمیان دو بائیک پر سوار ہوکر4 لوگ آئے اور سریش سے ہاتھ ملاکر پرنام کیا۔ پھر ان میں سے ایک نے پسٹل نکال‌کر سریش کو گولی مار دی۔ واردات   کو انجام دینے کے بعد تمام مجرم جنگل کے راستے بھاگ نکلے۔ زخمی سریش کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کا اعلان کر دیا۔ سریش کے سر میں تین اور سینے میں دو گولیاں لگیں۔

سریش مہاجرین کے لئے نوکری اور معاوضہ کی مانگ کو لےکر تحریک کرتے رہے تھے۔ سال 2012 میں پرناڈیہہ پروجیکٹ کی توسیع کاری کے دوران مقامی باشندوں کی صف بندی کر کے انہوں نے سی سی ایل کے انتظامیہ کے خلاف بڑاآندولن کیا تھا۔ غور طلب ہے کہ سی سی ایل نے 200 ایکڑ زمین حصول کی تھی۔ کمپنی کو 400 لوگوں کو نوکری دینی تھی، لیکن محض 100 لوگوں کو ہی نوکری ملی تھی۔ اس مدعے پر سریش اراؤں نے تحریک کی قیادت کی تھی اور بے گھر افراد کے رہنما کے طور پرابھرے تھے ۔

سریش اور ان کے ساتھ تحریک میں شامل رہے لوگ اس زمین کے مالک تھے جس پر سی سی ایل نے پرناڈیہہ  کوئلہ کان کی تعمیر کی تھی۔ سریش سی سی ایل کے خلاف زمین حصول کے اس مسئلے پر لگاتار لڑتے رہے۔ جب سی سی ایل نے مخالفت کو دبایا تو سریش اور مقامی باشندوں نے نوکری اور معاوضہ کے لئے لڑائی شروع کر دی۔ جب سی سی ایل نے کوئلہ کان کا کچرا دامودر ندی میں ٹھکانے لگانا شروع کر دیا تو انہوں نے انتظامیہ کو کورٹ میں گھسیٹا اور جیت بھی درج کی۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق، ٹنڈوا ڈی ایس پی احتشام وقار نے بتایا، ‘ سریندر سرنا کمیٹی کی میٹنگ میں شامل ہونے گئے تھے جب ان کو نشانہ بنا یا ۔ ہم قتل کے پیچھے کے مقصد کی جانچ‌کر رہے ہیں۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ‘