خبریں

پرنب مکھرجی کے آر ایس ایس ہیڈکوارٹر جانے کو لال کرشن اڈوانی نے تاریخی واقعہ بتایا

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈرلال کرشن اڈوانی نے کہا؛اس طرح کے کھلے پن سے ہی ہمارے مشترکہ خوابوں کاہندوستان بنے گا۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی نے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے آر ایس ایس ہیڈکوارٹر جانے اور ہندوستانی راشٹرواد پر اظہار خیال کر نے کو ملک کی تاریخ کا اہم واقعہ بتایاہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کھلے پن کے جذبے اور آپسی احترام کے ساتھ تبادلہ خیال  سے رواداری اوربھائی چارگی کے جذبے کو فروغ ملے گا۔اڈوانی نے آر ایس ایس کی دعوت قبول کرنے کے لیے پرنب مکھر جی کی تعریف کرتے ہوئے موہن بھاگوت کے اس قدم کی بھی تعریف کی ہے۔

لال کرشن اڈوانی نے مزید کہا کہ دونوں کے خیالات اپنی جگہ پر اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں کے آپسی اختلاف اور عدم اتفاق کے باوجود ان کی بات چیت صحیح معنوں میں قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں نے ہندوستان کی ایکتا کی اہمیت پر بات کی اور تکثیریت سمیت ہر طرح کے تنوع کو قبول کرنے پر زور دیا۔غور طلب ہے کہ لال کرشن اڈوانی نے موہن بھاگوت کے ملک کے مختلف طبقوں تک رسائی بنانے کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کھلے پن سے ہی ہمارے مشترکہ خوابوں کاہندوستان بنے گا۔

لال کرشن اڈوانی نے یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ موہن بھاگوت کی قیادت میں سنگھ پورے ہندوستان میں پھیل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کے جذبے کا احترام کرتے ہوئے آرایس ایس مختلف طبقوں تک اپنی رسائی بنا رہا ہے۔یہ خوشی کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھلے ماحول اور آپسی احترام کے جذبے سے ملک میں ایک اچھا ماحول بنے گا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)