خبریں

دہلی میں فضائی آلودگی  خطرناک سطح پر،پی ایم 10 کی سطح 800 کے پار

سینٹرل پالیوشن کنٹرول بورڈ نے بتایا کہ مغربی ہندوستان کی دھول بھری آندھی کی وجہ سے ہوا کا معیار  بگڑا ۔ دہلی این سی آر میں پی ایم 10 کی سطح بڑھنے سے ہوا میں گھٹن ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: دہلی میں ہوا  کا معیار جمعرات کو تیسرے دن بھی خطرناک سطح پر ہے۔ افسروں نے تنبیہ کی ہے کہ آئندہتین چار دن تک دھول بھری آندھی چل سکتی ہے اور لوگوں کو کافی وقت تک گھر سے باہرنہ رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ سینٹرل پالیوشن کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی )نے بتایا کہ مغربی ہندوستان خاص طور سے راجستھان میں دھول بھری آندھی چلنے کی وجہ سے ہوا کا معیار بالکل خراب ہو گیا ہے۔ ہوا میں موٹے ذرات کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

دہلی این سی آر میں پی ایم 10(10 ملی میٹر سے کم موٹائی والے ذرات کی موجودگی)کی سطح 796 اور صرف دہلی میں 830 ہے جس سے ہوا میں گھٹن سی ہو گئی ہے۔ سی پی سی بی کے مطابق، دہلی میں کئی جگہ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 500 کے نشان سے اوپر ہے۔ ایسٹ دہلی کے آنند وہار علاقے میں جمعرات صبح پی ایم 10کی سطح 929 اور پی ایم 2.5 کی سطح 301 ماپی گئی۔

غور طلب ہے کہ 0 سے 50 کے بیچ ایئر کوالٹی انڈیکس کو اچھا مانا جاتا ہے، 100-51کے بیچ کو اطمینان بخش، 200-101 کے بیچ کو درمیانی، 300-201 کو خراب ، 400-301 کو بہت خراب اور 500-401 خطرناک مانا جاتا ہے۔

دریں اثنا سی پی سی بی نے سارے کنسٹرکشن کام پر روک لگا دی ہے ۔ Stone crusherکے کام پر بھی فوراً روک لگا دی گئی ہے۔ یہ روک حالات ٹھیک ہونے تک لگی رہے گی ۔ سی پی سی بی نے یہ آرڈر فضائی آلودگی بڑھنے کے بعد دیے ہیں۔ پالیوشن کنٹرول بورڈ نے کہا ہے کہ فائر برگیڈ سے پانی کا چھڑکاؤ ہوگا اور مشینوں سے دہلی کی سڑکوں کی صفائی ہوگی ۔