خبریں

آئی سی آئی سی آئی-ویڈیوکان قرض معاملہ : چندا کوچر کو بینک نے چھٹی پر بھیجا

آئی سی آئی سی آئی بینک کی سی ای او اور مینجنگ  ڈائریکٹر اور ان کے گھر والے  ویڈیوکان قرض معاملے میں مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سندیپ بخشی بینک سی او او بنائے گئے ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: آئی سی آئی سی آئی بینک نے سندیپ بخشی کوچیف آپریٹنگ آفیسر(سی اواو)بنائے  جانے کا سوموار کو اعلان کیا۔ بینک نے یہ بھی کہا کہ اس کی سی ای او اور مینجنگ  ڈائریکٹر چنداکوچر ویڈیوکان قرض معاملے میں اندرونی جانچ  پوری ہونے تک چھٹی پر رہیں‌گی۔ بخشی 19 جون سے بینک کے سی او او کا عہدہ سنبھال لیں‌گے۔ ان کی تقرری مختلف منظوری پر منحصر ہے۔ وہ اب تک آئی سی آئی سی آئی پروڈنشیل  لائف انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیں۔

کمپنی کو چلانے کے پیمانےاور کمپنی اسٹینڈرڈ کے موافق  چندااندرونی جانچ  پوری ہونے تک چھٹی پر رہیں‌گی۔جانچ کا اعلان پچھلے مہینے کیا گیا تھا۔ چندا کوچر اور ان کے فیملی ممبر ویڈیوکان گروپ کو دئے گئے قرض میں ایک دوسرے کو فائدہ پہنچانے اور مفادات کے ٹکراؤ کے الزام کا سامنا کر رہے ہیں۔ بینک کے ڈائریکٹر بورڈ نے این ایس کنن کو آئی سی آئی سی آئی پروڈنشیل  لائف انشورنس کمپنی کا مینجنگ  ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) بنانے  کی بھی سفارش کی۔

غور طلب ہے کہ آئی سی آئی سی آئی بینک نے ویڈیوکان کو 3250 کروڑ روپے  کا لون دیا، جس کے بدلے میں ویڈیوکان کے وینو گوپال دھوت کے ذریعے چندا کوچر کے شوہر دیپک کوچر کو کاروباری فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔ 2017 میں آئی سی آئی سی آئی کے ذریعے ویڈیوکان کے کھاتے کو این پی اے میں ڈال دیا گیا۔ دسمبر 2008 میں دھوت نے دیپک کوچر اور چندا کے دو دوسرے رشتہ داروں کے ساتھ ایک کمپنی کھولی، اس کے بعد اس کمپنی کو اپنی ایک کمپنی کے ذریعے 64 کروڑ روپے کا لون دیا۔ اس کے بعد اس کمپنی (جس کے ذریعے لون دیا گیا تھا) کی ملکیت محض 9 لاکھ روپیوں میں ایک ٹرسٹ کو سونپ دیا، جس کے چیف  دیپک کوچر ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)