خبریں

بہار : آر ٹی آئی کارکن کا گولی مار کر قتل

 آر ٹی آئی کارکن  راجیندر سنگھ نے  ٹیچرس ،پولیس تقرری معاملے کے گھوٹالے، منریگااور اندرا آواس یوجنا، ایل آئی سی سے  جڑے گھوٹالوں کا انکشاف کیاتھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی تصویر /فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بہار کے موتیہاری میں ایک آر ٹی  آئی کارکن کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ وہ ناگرک ادھیکار منچ کے ساتھ جڑے تھے۔ انھوں نے پولیس،انتظامیہ اور کرپشن کے کئی معاملوں کا انکشاف کیا تھا۔دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق، منگل کی دوپہر آر ٹی آئی کارکن راجیندر سنگھ موٹر سائیکل پر موتیہاری سے اپنے وکیل سے ملاقات کے بعد اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی وقت ان کو اوور ٹیک کرکے ایک بائیک آگے نکلی،جس پر سوار دو لوگوں نے راجیندر سنگھ پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں ان کو 3 گولیاں لگی ،جس کے بعد ان کی موت ہو گئی۔

پپراکوٹھی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے مطابق ،راجیندر کو موتیہاری ضلع ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ 2 مہینے میں یہ دوسرے آر ٹی آئی کارکن کا قتل ہے۔ اس سے پہلے 4 اپریل کو ویشالی میں آر ٹی آئی کارکن جینت کمار کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ڈی ایس پی(صدر)مرلی منوہر مانجھی نے بتایا کہ جہاں ان کو گولی ماری گئی وہاں سے 2 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں ۔ ‘وہ گولی مارے جانے سے کچھ منٹ پہلے کسی سے فون پر بات کر رہے تھے،معاملہ کی جانچ چل رہی ہے ۔’

نیوز 18 کے مطابق،آر ٹی آئی ایکٹوسٹ نے سینئر پولیس افسروں سے پولیس تحفظ کی گزارش کی تھی ، ان کی گزارش ابھی پروسیس میں تھی۔آر جے ڈی نے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر ریاست میں  لاء اینڈ آرڈر کو بنائے رکھنے میں ناکامیاب ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ہائی لیول جانچ کی مانگ کی ہے۔آج تک کے مطابق،ناگرک ادھیکار منچ کے شو پرکاش رائے نے بتایا کہ راجیندر سنگھ کا قتل آر ٹی آئی کارکن ہونے کی وجہ سے کیا گیا۔ ان کے مطابق،حال ہی میں راجیندر پر جھوٹا کیس کرانے کے معاملے میں کورٹ نے نوٹس لیا تھا اور سنگرام پور کے تھانہ ان چارج کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔

غور طلب ہے کہ آر ٹی آئی کارکن  راجیندر سنگھ ٹیچرس ،پولیس تقرری معاملے کے گھوٹالے، منریگااور اندرا آواس یوجنا، ایل آئی سی سے  جڑے گھوٹالوں کا انکشاف کیاتھا۔شو پرکاش رائے کا کہنا ہے کہ 12 جون کو ان کی راجیندر سنگھ سے ملاقات ہوئی تھی تب انھوں نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ اس سے پہلے بھی 3 بار ان پر حملہ ہو چکا تھا۔ موتیہاری ایس پی اوپیندر شرما کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ معاملہ فیملی سے جڑی رنجش کا بھی لگتا ہے کیونکہ ان کی بیوی نے پولیس کو دی گئی شکایت میں جائیداد کے تنازعہ کا ذکر بھی کیا ہے۔ پولیس ہر طرح سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

واضح ہو کہ بہار میں اس سال آر ٹی آئی کارکن کے قتل کا یہ تیسرا معاملہ ہے ۔ اس سے پہلے ویشالی اور سہرسا میں ایک آر ٹی آئی کارکن کا قتل کیا جا چکا ہے۔ آر ٹی آئی ایکٹ کے 13 سالوں میں بہار میں 13 آر ٹی آئی کارکن کا قتل کیا گیا ہے لیکن ایک بھی معاملے میں پولیس نے نہیں بتایا کہ ان کا قتل آر ٹی آئی کارکن ہونے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔