خبریں

کٹھوعہ گینگ ریپ : نابالغ ہونے کا دعویٰ کرنے والے ملزم کی عمر 20 سال سے زیادہ

کٹھوعہ گینگ ریپ اور قتل معاملے کے ایک ملزم نے میٹرک سرٹیفیکٹ کا حوالہ دے کر خود کے نابالغ ہونے کا دعویٰ کیا تھا ،جس پر عدالت  نے ا سکی ہڈیوں کی جانچ کا حکم دیا تھا۔

Kathua-Gangrape-and-Murder

نئی دہلی : کٹھوعہ گینگ ریپ اور قتل معاملے میں نابالغ ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک ملزم کی عمر میڈیکل رپورٹ میں 20سال سے زیادہ بتائی گئی ہے۔اسپیشل سرکاری وکیل جے کے چوپڑہ نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے یہ میڈیکل رپورٹ سوموار کو ضلع اور سیشن کورٹ کو سونپ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس رپورٹ پر آخری کارروائی منگل کو پوری ہونے کی امید ہے جس کے بعدجج فیصلہ سنائیں گے۔گرمیوں کی چھٹیوں کے مقدمے کی شنوائی پھر سے شروع ہوئی ہے۔

غور طلب ہے کہ ضلع اور سیشن جج تجوندر سنگھ نے کرائم برانچ کو ملزم پرویش کمار عرف منو کی ہڈیوں کی جانچ کرانے کو کہا تھا۔جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں جنوری کو 8 سال کی ایک معصوم بچی سے ریپ اور قتل کے معاملے میں 8 ملزموں میں وہ بھی شامل ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ ملزم کی عمر کے بارے میں ڈاکٹر کا کیا کہنا ہے ،چوپڑہ نے بتایا کہ میڈیکل رائے کے مطابق اس کی عمر 20 سال سے زیادہ ہے۔

دراصل جون کے پہلے ہفتے میں ملزمین کے وکیل نے ایک عرضی دے کر ملزم کے میٹرک سرٹیفیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے ساتھ نابالغ جیسا سلوک کیے جانے کی درخواست کی تھی ،جس کے بعد عدالت نے اس کی ہڈیوں کی جانچ کرانے کو کہا تھا۔کرائم برانچ نے ریڈیالاجی شعبہ سمیت مختلف شعبوں کے میڈیکل اسٹاف کی ایک ٹیم بنائی تھی اور ملزم کیٍ 22اور 23 جون کو جانچ کی گئی۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر کمار سمیت 7ملزمین پٹھان کوٹ کی عدالت میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں ،وہیں آٹھواں ملزم کٹھوعہ ضلع میں جوینائل عدالت میں مقدمے کا سامنا کر رہا ہے۔اس درمیان ملزم کے وکیل نے سوموار کو ضلع اور سیشن کورٹ میں ایک عرضی دے کر دعویٰ کیا کہ کمار کو کرائم برانچ نے 23 جون کو مبینہ طور پرزدو کوب کیا ۔حالاں کہ پولیس افسروں نے اس الزام سے انکار کیا ہے۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ کرائم برانچ کمار پر معاملے میں سرکاری گواہ بننے کا دباؤ ڈال رہی ہے ۔وہیں پولیس نے اس الزام کو خارج کر دیا ہے۔

واضح  ہو کہ جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے قریب ایک گاؤں میں آٹھ سال کی معصوم بچی 10 جنوری کو لاپتہ ہو گئی تھی۔ وہ جنگل میں چر رہے اپنے جانوروں کو واپس لانے کے لئے اس دن دوپہر میں گھر سے نکلی تھی۔ایک ہفتہ بعد اسی علاقے میں بچی  کی لاش ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتا چلا تھا کہ اس کے ساتھ کئی دن تک گینگ ریپ کیا گیا اور بعد میں پتھر سے کچل‌کر اس کا قتل کر دیا گیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)