خبریں

بہار: 2 آر ٹی آئی کارکن کا گولی مار کر قتل، جے ڈی یو کے بلاک صدر گرفتار

بہار کے جموئی ضلع میں مارے گئے آر ٹی آئی کارکن کے قتل کی وجہ پنچایت وکاس سے جڑی اسکیموں میں لوٹ کو اجاگر کرنا بتایا جا رہا ہے۔

Jamui

نئی دہلی: بہار میں جموئی ضلع کے سکندرا بلاک کے بچھووے گاؤں میں آر ٹی آئی کے دو کارکن کو اتوار کی شام نا معلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ سکندرا تھانہ صدر پرمود کمار نے بتایا کہ مرنے والوں میں والمیکی یادو اور دھرمیندر عرف کارو یادو شامل ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ بچھووا گاؤں کے موڑ کے قریب اتوار کی شام دونوں جب ایک موٹر سائیکل پر سکندرا بازار سے اپنے گاؤں لوٹ رہے تھے تبھی پہلے سے گھات لگاکر بیٹھے نا معلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند گولی باری کی۔

پربھات خبر کے مطابق، گولی باری میں والمیکی یادو کی موقعے پر ہی موت ہو گئی ۔ وہیں دھرمیندر سنگین طور پر زخمی ہو گیا۔ گاؤں والے دھرمیندر کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سکندرا لے گئے ، جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہو گئی۔چشم دید وں  کے مطابق؛حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر کھیتوں سے ہوتے ہوئے بچھووا گاؤں کی طرف ہی بھاگ نکلے۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کو گھر والوں کو سونپ دیاہے ۔

تھانہ صدر نے بتایا کہ اس معاملے میں بچھووے   پنچایت کے مکھیا کرشن دیو روی داس اور جے ڈی یو کے سکندرا بلاک صدر سریش مہتو کو گرفتار کر پولیس پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ قتل کی وجہ پنچایت وکاس سے جڑی مختلف اسکیموں میں رقم میں لوٹ کھسوٹ کو لے کر اور گرفتار مہتو کی فیملی کے ساتھ دھرمیندر کا زمین کو لے کر تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔

غور طلب ہے کہ والمیکی یادو نے آر ٹی آئی کے تحت پنچایت کی کئی اسکیموں میں گڑ بڑی اور لوٹ کا انکشاف کیا تھا۔ فیملی  کی طرف سے خدشہ جتایا جا رہا کہ وہ اسی وجہ سے کچھ لوگوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگے تھے۔ فیملی کو خدشہ ہے کہ اسی وجہ سے دونوں کا قتل کر دیا گیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)