خبریں

بہار: ریٹائرڈ جج نے بیٹی کو کیا جائیداد سے بے دخل، بیٹی نے لگایا تھا نظر بند کرنے الزام

بہار کے کھگڑیا ضلع سے ریٹائر جج کی اکلوتی بیٹی سپریم کورٹ کے ایک وکیل سے محبت کرتی ہے۔

khagariya

نئی دہلی :بہار کے کھگڑیا ضلع سے حال ہی میں ریٹائر ہوئے ڈسٹرکٹ  اینڈ سیشن جج سبھاش چندر چورسیا نے اپنی اکلوتی بیٹی کو اپنی  سبھی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد سے بے دخل کر دیا ہے۔ انہوں نے منگل کو میڈیا کے نام ایک خط جاری کرکے کہا؛ ایک والد کے طور پر آپ لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ گزشتہ دنوں میری بیٹی یشسونی سے متعلق جو بھی واقعات  برپا کئے گئےاس سے میری سماجی حیثیت کافی دھندلی ہے۔اپنے والد  کو بدنام کرنے میں میری بیٹی نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

اترپردیش کے باندہ ضلع کے کوتوالی تھانہ حلقہ کے رہنے والے سبھاش چندر نے آگے لکھا؛ میں نےہمیشہ اپنی اکلوتی اولاد کی بہتر زندگی، تعلیم اور مستقبل کی فکر کی ہےلیکن میری بیٹی سدھارتھ بنسل کے بہکاوے میں آکر اور بلیک میلنگ کا شکار ہو کر ابھی اپنے فائدے کی بات سننے اور سمجھنے کے لئے تیار نہیں ہے اور وہ میرے اور میری فیملی  کے وقار کو ختم کر نے پر تلی  ہوئی ہے۔

گزشتہ 30 جون کو کھگڑیا سے ڈسٹرکٹ  اینڈ سیشن جج کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے سبھاش چندر نے اپنے خط میں مزیدکہا؛ مذکورہ حقائق سے پریشان اورافسردہ ہو کر میں نے اپنی بیٹی یشسونی کو اپنی سبھی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد سے بے دخل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 26 جون کو ہائی کورٹ نے کھگڑیا ضلع کے اس وقت کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے ذریعہ اپنی بیٹی کو مبینہ طور پر نظر بند کرنے کے معاملے میں حکم دیا تھا کہ 25 سالہ یشسونی کو اگلے 15 دنوں کے لئے گیسٹ ہاؤس میں رکھے جانے کے ساتھ اسے پورا تحفظ مہیا کرایا جائے۔

پٹنہ ہائی کورٹ کے نیوز ایپ’بار اینڈ بنچ‘ پر اپلوڈ کئے گئے ایک خبر پر ازخود نوٹس لئے جانے کے بعد چیف جسٹس راجند رمینن اور جسٹس راجیو رنجن پرساد کی بنچ نے گزشتہ 25 جون کو مذکورہ لڑکی کو عدالت میں حاضر کئے جانے کا آرڈر دیا تھا۔

اس لڑکی نے گزشتہ 26 جون کو ججوں کی بنچ کے سامنے بتایا تھا کہ وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ اچھا محسوس نہیں کرتی اور وہ الگ رہنا چاہتی ہے۔عدالت میں اس لڑکی کے ماں باپ بھی موجود تھےاور بنچ نے اس معاملے کی اگلی شنوائی کی تاریخ 12 جولائی متعین کی تھی۔

اس لڑکی کے ماں باپ نے دہلی میں واقع سپریم کورٹ میں کام کرنے والے ایک وکیل سے شادی کرنے کے اس کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔دینک جاگرن کے مطابق اس ریٹائر جج نے کہا کہ سدھارتھ بنسل نے غلط نیت سے سازش کی ہے تاکہ ان کا وقار مٹی میں مل جائے۔اگر اس کے موبائل کے کال ڈٹیلس کی جانچ کی جائے تو ساری بات واضح ہو جائےگی۔

واضح ہوکہ سدھارتھ بنسل دہلی میں سپریم کورٹ میں وکیل ہیں۔انہوں نے ایک ویب سائٹ پر ایک  کمپلینٹ لیٹر داخل کرکے پٹنہ ہائی کورٹ   کی توجہ اس طرف کھینچتے ہوئے شکایت کی تھی کہ ان کی دوستی کھگڑیا کے ڈسٹرکٹ جج کی ایک بیٹی سے ہے۔وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے لیکن ڈسٹرکٹ جج اپنی بیٹی کو بندی بنائے ہوئے ہیں۔

 پٹنہ ہائی کورٹ نے اس خبر پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس محکمے کو ڈسٹرکٹ جج کی لڑکی کو کورٹ میں حاضر کرنے کا حکم دیا تھا۔

آرڈر کے مطابق یشسونی ابھی چانکیہ لاء کالج پٹنہ کے گیسٹ ہاؤس میں رہ رہی ہے۔اسے اپنی خواہش کے مطابق کسی بھی شخص سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)