خبریں

اخباروں کی اشاعت سےمتعلق دعوے کی جانچ کرا رہی ہے حکومت : وزیر اطلاعات و نشریات

وزیراطلاعات و نشریات نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ اخباروں کو ان کی اشاعت کی تعداد کے دعوے کی تصدیق کے بعد ہی اشتہارات دیے جاتے ہیں۔ان کی اشاعت کے دعوے کی رجسٹرار  آف نیوز پیپرس فار انڈیا( آر این آئی) سے جانچ  کرائی ہے۔

Newspapers-pexels-photo

نئی دہلی : مرکزی حکومت اخباروں کی تعداد اشاعت کے دعوے کی جانچ  کرا رہی ہے جس سے کم تعداد میں شائع ہونے والے اخباروں کے ذریعے زیادہ تعداد بتاکر سرکاری اشتہارات حاصل کرنے کے رجحان کو روکا جا سکے۔ ساتھ ہی اشتہار پالیسی کے مطابق اشتہارات کا معقول بٹوارا  متعین کیا جا سکے۔ اطلاعات و نشریات کے ریاستی وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے سوموار کو راجیہ سبھا میں سوال کے سیشن  کے دوران بتایا، ‘ ہم نے اخباروں کی اشاعت کے دعوے کی رجسٹرار  آف نیوز پیپرس فار انڈیا(آر این آئی) سے جانچ کرائی ہے۔ ‘

انہوں نے بتایا کہ اخباروں کو ان کی تعداد اشاعت کے دعوے کی تصدیق کے بعد ہی اشتہارات دئے جاتے ہیں۔ مرکزی حکومت کی اشتہار پالیسی سے متعلق اضافی  سوال میں جنتا دل (یونائیٹڈ) کے ممبر ہری ونش نارائن سنگھ نے حکومت سے پوچھا تھا کہ وزارت کے ذریعے اخباروں کی کم کاپیوں کی اشاعت کرکے زیادہ اشاعت بتانے والے اخباروں کے دعوے کی کرائی گئی جانچ  ابھی کس مقام پر ہے۔

اشتہارات کے اثر کا تخمینہ کروانے سے متعلق  سوال کے جواب میں راٹھور نے بتایا، ‘ اشتہارات کے اثر کا پورے ملک میں مطالعہ کروایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بھی علاقائی بنیاد پر ملنے والی رپورٹ کو ہی اشتہارات کے اثر کی تخمینہ  رپورٹ مانی جاتی تھی۔ ‘ موجودہ اشتہار پالیسی کے تحت جاری ہونے والے اشتہارات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس کے تحت تعداد اشاعت کی بنیاد پر اخباروں کو 3 زمروں (چھوٹے، منجھلے اور بڑے) میں زبان کی بنیاد پر اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں۔ ان میں چھوٹے اخباروں کو 15 فیصد، منجھلے اخباروں کو 35 اور بڑے اخباروں کو 50 فیصد اشتہارات دئے جاتے ہیں۔

ان میں انگریزی اخباروں کو 30 فیصد اور ہندی اور علاقائی زبانوں  کو 35-35 فیصد اشتہارات جاری ہوتے ہیں۔ راٹھور نے بتایا کہ حکومت اور پبلک سیکٹر  کی کارجوئی کے ذریعے موجودہ مالی سال میں ابتک 162.48 کروڑ روپے  کے اشتہارات جاری کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 3 سالوں میں اشتہارات پر خرچ ہوئی رقم کی تفصیل دیتے ہوئے راٹھورنے بتایا کہ مالی سال16-2015 میں 1160.6 کروڑ روپے،17-2016 میں 1264.26 کروڑ روپے اور18-2017 میں 1313.57 کروڑ روپے کے اشتہارات جاری ہوئے تھے۔