خبریں

ہریانہ :مویشی چور کے شک میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل

ہریانہ کے پلول کے بہرولا گاؤں کا معاملہ ہے ۔ مرنے والے کی پہچان نہیں ہوسکی ہے۔پولیس نے تین بھائیوں کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا معاملہ درج کیا ہے ۔ معاملے میں ایک کی گرفتاری ہوئی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی :ہریانہ کے پلول میں جمعہ کی شب ایک شخص کو مویشی چور سمجھ کر پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ پلول کے بہرولا گاؤں میں ہوئی واردات میں مارے گئے شخص کا ہاتھ پیر باندھ کر تین لوگوں نے بری طرح پیٹا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شب تین لوگ مویشی چوری کرنے آئے تھے ،ان میں سے دو بھاگ نکلے ۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور تینوں ملزم جو کہ آپس میں بھائی ہیں ان کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا معاملہ درج کر لیا ہے۔

مرنے والے کی پہچان ابھی نہیں ہوسکی ہے۔ اس کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جارہی ہے۔ دینک جاگرن کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس جب جائے واردات پر پہنچی تو گاؤں کے شردھا رام کے گھر کے آگے ایک شخص مرا پڑا تھا۔پولیس نے بتایا کہ اس کے بائیں ہاتھ اور گلے پرکٹے کا نشان اور اور بدن پر چوٹ کے نشان تھے ۔ جانچ افسر سریش کمار نے بتایا کہ جب اس بارے میں پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ شردھا رام کے بیٹے بیر سنگھ ،پرکاش اور رام کشن کے گھر بھینس چوری کرنےآئے چور کی انہوں نے پٹائی کر دی جس سے اس کی موت ہوگئی ۔

سٹی تھانہ انچارج سنتو ش کمار نے بتایا کہ معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔پولیس جائے واردات کے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر جانچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی ملزموں کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔معاملے میں شامل دوسرے ملزموں کی گرفتار کی کوشش کی جارہی ہے ۔واضح ہو کہ ابھی کچھ دن پہلے ہی راجستھان کے الور میں گئو تسکری کے شک اکبر خان کو پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا تھا۔

ہریانہ کے کول گاؤں باشندہ اکبرخان اپنے ساتھی اسلم کے ساتھ پیدل دو گائے لے کر جا رہے تھے۔جب وہ لالاونڈی گاؤں سے ہوکر گزرے رہے تھے تب گاؤں والوں نے ان کو روکا ۔انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی تب بھیڑ نے ان کا پیچھا کیا اور گئو تسکر سمجھ کر ان کو بری طرح پیٹا کہ ان کی موت ہوگئی ۔اسلم کسی طرح وہاں سے نکل کر بھاگنے میں کامیاب رہے تھے۔