خبریں

راجستھان : ایک گئو شالہ میں زہریلا چارہ کھلانے سے 28 گایوں کی موت

واقعہ ہنومان گڑھ ضلع کے بھادرا تحصیل واقع ایک گئو شالہ کاہے۔ گئو شالہ کے صدر نے بتایا کہ دو باڑوں  میں 300 سے زیادہ گائے اچانک بیمار ہو گئیں جن میں سے30-29 گایوں کی موت ہو گئی۔

علامتی تصویر (فوٹو : رائٹرس)

علامتی تصویر (فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: راجستھان میں بھادرا قصبہ کی ایک  گئوشالہ میں گزشتہ  دو دن میں کم سے کم 28 گایو ں کی موت ہو گئی ہے۔ پہلی نظر میں  اس کی وجہ فوڈ پائزننگ بتائی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ ہنومان گڑھ ضلع کے بھادرا تحصیل واقع شری گئوشالہ میں پیش آیا ہے۔ گئوشالہ صدر دیانند کھوکھے  والا نے بتایا کہ دو باڑوں  میں 300 سے زیادہ گائے اچانک بیمار ہو گئیں جن میں سے30-29 گایو ں کی موت ہو گئی۔

کھوکھے  والا نے بتایا کہ جانوروں کے مقامی ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کے بعد گایو ں کی موت کی وجہ فوڈ پائزننگ بتایا ہے۔ ان کے مطابق ممکنہ طور پر ان گایو ں کو دیا گیا چارہ کسی وجہ سے زہریلا ہو گیا ہوگا۔ گئو شالہ کے لئے ہرا چارہ ہریانہ سے آتا ہے۔ یہاں دو ہزار سے زیادہ جانور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف دو ہی باڑوں  میں پیش آیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم باقی جانوروں کی صحت پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ Department of Animal Husbandry میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہنومان گڑھ مدن لال کھڑیا نے اس واقعہ کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ چارہ    کی وجہ سے بدھ کو تقریباً 50 گایوں کو دقت ہوئی تھی جن میں سے 22 کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں معاملہ زہریلے  چارے کا ہے۔ پتریکا کے مطابق، گایو ں کو دئے گئے چارے میں پھپھوندی  لگے ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ گئو شالہ کمیٹی کے صدر دیانند کھوکھے  والا اور سرپرست جے  شنکر فتحپوریہ نے بتایا کہ بدھ کو  دونوں گئو شالہ  میں ایک ہی جگہ سے ہرا چارہ آیا تھا لیکن نئی گئو شالہ میں دو شیڈ کے نیچے بیٹھی گایو ں کی طبیعت خراب دیکھ‌کر گایو ں کی دیکھ بھال کر نےوالوں نے افسروں  کو اطلاع دی۔

جانوروں کے ڈاکٹر رنجن دیشوال نے کہا کہ مردہ گایوں کی ایک جیسی حالت  ہونے کی وجہ سے ایک گائے کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔ وہیں، واقعہ کو لےکر مقامی باشندوں نے گئو شالہ کے منتظمین پر گایو ں کی موت کا معاملہ چھپانے کا الزام لگایا ہے اور انتظامیہ سے معاملے کی جانچ  کرانے کی گزارش  کی ہے۔ مقامی باشندوں نے وزیراعلیٰ کے نام میمورنڈم دےکر کہا ہے کہ گئوشالہ کے ناظم نے سنگین لاپرواہی  کرتے ہوئے دو درجن سے زیادہ مردہ گایو ں کو لاوارث ہی پھینکوا دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ گئوشالہ میں بدانتظامی کی جانچ  ہو۔ وہیں، ایس ڈی ایم راج کمار کسواں کا کہنا ہے کہ جن گایوں کا پوسٹ مارٹم نہیں ہوا ہے ان کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)