خبریں

دہلی : عمر خالد پر جان لیوا حملہ

بتایا جارہا ہے کہ حملہ آور نے ان پر دوگولیاں چلائیں ،لیکن وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے ۔

umar khalid

نئی دہلی :جے این یو کے سابق اسٹوڈنٹ لیڈرعمر خالد پر کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے باہر جان لیوا حملے کی خبر آرہی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آج دوپہر جب عمر خالد یونائیٹیڈ اگینسٹ ہیٹ کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں شرکت کرنے جارہے تھے تو ان پر جان لیوا حملہ ہوا۔

بتایا جارہا ہے کہ حملہ آور نے ان پر دوگولیاں چلائیں ،لیکن وہ بال بال بچ گئے ۔عمر خالد کے دوست بنوجیوتشنا لاہیری نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ بی جے پی کے غنڈوں نے عمر خالد پر بندوق سے حملہ کیا ۔وہ اس وقت خطرے سے باہر ہیں ۔واضح ہو کہ آج کانسٹی ٹیوشن کلب میں خوف سے آزادی کے عنوان کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھاجس میں ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن،پروفیسر اپورانند ،سابق ممبر پارلیامنٹ علی انور ،راجیہ سبھا کے رکن پروفیسر منوج جھا کے علاوہ نجیب احمد کی ماں فاطمہ نفیس ،روہت وومیلا کی رادھیکا وومیلا ،انکت سکسینہ کے والد یشپال سکسینہ اور ڈاکٹر کفیل خان شریک ہورہے تھے۔عمر خالد اس پروگرام کے آرگنائزر میں سے ایک تھے۔

دریں اثنا جے این یو اسٹوڈنٹ لیڈر شہلا رشید نے اس حملے کی شدید طور پر مذمت کی ہے اور یہ کہا ہے کہ یہ ٹی وی چینلس خاص طور پر ریپبلک ٹی وی جیسے میڈیا ہاؤس کی جانب سے عمر خالد کے خلاف چلائے جارہے ہیٹ کیمپین کا نتیجہ ہے۔

غور طلب ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرخالد نے جون میں اپنی جان کو خطرہ بتاتے ہوئے پولیس میں ایک شکایت درج کروائی تھی۔