خبریں

مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ : بہار کی سابق وزیر منجو ورما کے ٹھکانوں پر سی بی آئی کے چھاپے

منجو ورما جے ڈی یو کی لیڈر ہیں ،مظفر پور معاملے میں ان کے شوہر کا نام سامنے کے بعد انہیں سوشل ویلفیئر منسٹرکے عہدے سے استعفی ٰ دینا پڑا تھا۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : بہار کے شیلٹر ہوم میں رہ رہی بچیوں کے ساتھ ریپ سے جڑے معاملے میں سی بی آئی نے جمعہ کی صبح ریاست کی سابق وزیر منجو ورما کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ ٹھکانوں پر اب تک چھاپہ مارا جا چکا ہے اور کارروائی جاری ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ؛ جے ڈی یو کی لیڈر منجو ورما کے پٹنہ ،موتیہاری اور بھاگلپور واقع ٹھکانوں پر سی بی آئی کی ٹیم تلاشی لے رہی ہے۔منجو ورما بہار کی سوشل ویلفیئر منسٹر تھیں ۔ اس معاملے میں ان کے شوہر کا نام سامنے آنے کے بعد گزشتہ ہفتہ ان سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیلٹر ہوم کو چلانے والے آرگنائزیشن این جی او سیوا سنکلپ وکاس سمیتی کے برجیش ٹھاکر اور اس کے رشتہ داروں اور دوستوں کے 7 ٹھکانوں پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ حال ہی میں مظفر پور کے شیلٹر ہوم میں 34 بچیوں کے جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا ۔ اس معاملے میں گرفتار ایک ملزم کی بیوی نے انکشاف کیا تھا کہ منجو ورما کے شوہر چندریشور بھی شیلٹر ہوم میں ریگولر آتے تھے ۔بعد میں جانچ کے دوران پتہ بھی چلا کہ برجیش ٹھاکر نے چندریشور سے اس سال جنوری سے جون کے بیچ 17بار بات چیت کی تھی ۔لیکن اس کا کہنا تھا کہ یہ بات چیت سیاسی مسائل پر زیادہ ہوتی تھی۔