خبریں

اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کرنے جارہے سوامی اگنیویش پر حملہ

سوامی اگنیویش پر یہ حملہ دہلی میں بی جے پی دفتر کے نزدیک ہوا۔ گزشتہ مہینے جھارکھنڈ میں ان پر حملہ ہوا تھا۔

SwamiAgniwsh

علامتی تصویر / فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی :نامورسماجی کارکن سوامی اگنیویش پر کچھ لوگوں کے ایک گروپ نے اس وقت حملہ کیا جب وہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کرنے جارہےتھے ۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ان پر یہ حملہ دہلی کے دین دیال اپادھیائے روڈ پر واقع بی جے پی دفتر جانے کے دوران ہوا۔ بی جے پی دفتر پہنچنے سے پہلے ہی لوگوں کے ایک گروپ نے سوامی اگنیوش کو دھکا دے کر بیچ سڑک پر گرادیا ۔ اس کے بعد ایک خاتون نے چپل سے ان کو مارنے کی کوشش کی ۔

گزشتہ مہینے کے دوران سوامی اگینویش پر یہ دوسرا حملہ ہے ۔ اس سے پہلے 17جولائی کو سوامی اگنیویش جھارکھنڈ کے پاکڑ میں ایک تقریب میں حصہ لینے کے لیے پہنچے تھے ۔ اس دوران بھارتی جنتا یووا مورچہ کے کارکنوں نے ایک ہوٹل کے باہر ان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا تھا ۔ اس حملے میں ان کو کچھ چھوٹیں بھی آئی تھیں ۔اس وقت ریاست کے وزیر اعلیٰ نے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی جانچ کا حکم دیا ۔

اس وقت سوامی نے اس حملے کو سازش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اس حملے میں ان کی جان بھی جاسکتی تھی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی نہ کیے جانے کو لے کر بھی مقامی پولیس نے ریاستی حکومت پر ملی بھگت اور جانچ کے نام پر دکھاوے کا الزام لگایا تھا۔