خبریں

دہلی: چوری کے شک میں نابالغ کا پیٹ پیٹ کر قتل

یہ معاملہ دہلی کے مکند پور علاقہ کا ہے۔ پولیس نے 3 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرے 3لوگ فراربتائے جارہے ہیں۔

mukundpur2

نئی دہلی: دہلی میں ایک نابالغ  کوبھیڑ کے ذریعے پیٹ پیٹ کر مار دیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ دہلی کے مکند پور علاقہ کا ہے۔پی ٹی آئی نے ڈی سی پی اسلم خان کے حوالے سے بتایا کہ منگل کی صبح ایک 16 سالہ نوجوان چوری کے ارادے سے ایک گھر میں گھسا تھا۔ لیکن گھر کے مالک نے اس دوران اس کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد کچھ مقامی لوگوں نے اس کی جم کر پٹائی کر دی۔ اس وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔

خبروں کے مطابق پولیس نے معاملہ درج کر 3 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر 3 فی الحال فرار ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے بھیڑ کے ذریعے پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کے معاملات  مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے گزشتہ 30 اگست کو اتر پردیش کے بریلی میں بھیڑ نے مویشی چور ی کے شک میں ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اگست میں ہی اسی طرح کے ایک اور معاملے میں گائے چوری کے شک میں بھیڑ نے ایک آدمی کا قتل کر دیا تھا۔

اس طرح کے معاملوں پر سپریم کورٹ نے بھی فکر ظاہر کی ہے۔ سپریم کورٹ مرکز سے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑے تو اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے الگ سے قانون بنایا جائے۔ وہیں وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ مرکزی حکومت جلد ہی اس بابت قانون لائے گی جس میں ماب لنچنگ کے مجرموں کو پھانسی تک کی سزا کا اہتمام ہوگا۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)