خبریں

آدھار نہ ہونے پر اسکول داخلہ دینے سے منع نہیں کر سکتے: یو آئی ڈی اے آئی

یو آئی ڈی اے آئی نے اس کے ساتھ ہی خبردار بھی کیا ہے کہ اگر ایسے بچوں کو آدھار کارڈ نہ ہونے پر داخلہ دینے سے منع کیا جاتا ہے تو وہ غیر قانونی ہوگا اور ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

علامتی تصویر: رائٹرس

علامتی تصویر: رائٹرس

نئی دہلی: یو آئی ڈی اے آئی (Unique Identification Authority of India)نے کہا کہ اسکول آدھار کارڈ نہ ہونے پر بچوں کو داخلہ دینے سے انکار نہیں کر سکتے ہیں اور ایسا کرنا غیر قانونی قرار دیا جائے گا۔ یو آئی ڈی اے آئی نے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مقامی بینکوں ، پوسٹ  آفیس، ریاستی تعلیمی محکمہ اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے کیمپس میں بچوں کا آدھار کارڈ بنوانے اور اس کو اپ ڈیٹ کرانے کے لیے اسپیشل کیمپ لگائے۔

یو آئی ڈی اے آئی نے کہا ،’ یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ آدھار کارڈ کی وجہ سے کسی بھی بچے کو فائدے اور اس کے حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔’ یو آئی ڈی اے آئی نے اس کے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر بچوں کو آدھار کے بغیر داخلہ دینے سے منع کیا جاتا ہے تو وہ غیر قانونی ہوگا اور ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہیں۔

 یو آئی ڈی اے آئی کا یہ قدم اسٹوڈنٹس اور ان بچوں کے والدین کے لیے بڑی راحت ہے، جن کے پاس آدھار نمبر  نہیں ہیں۔ یو آئی ڈی اے آئی نے کہا،’ جب تک ایسے اسٹوڈنٹس کے لیے آدھار نمبر جاری نہیں ہو جاتا اور بایو میٹرک کو اپ ڈیٹ نہیں کر دیا جاتا تب تک ان کو سبھی سہولیات شناخت کے دوسرے ذرائع سے مہیا کرائی جائیں ۔’

غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں میں ملک کے مختلف حصوں سے ایسی خبریں آتی رہی ہیں کہ آدھار کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو داخلہ نہیں ملا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)