خبریں

بہار سرجن گھوٹالہ : انکم ٹیکس محکمے نے سشیل مودی کی بہن کے گھر پر چھاپہ مارا

نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے ریکھا مودی کو دور کی چچا زاد بہن بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ان کا کوئی تجارتی یا اقتصادی رشتہ نہیں ہے ۔ وہیں تیجسوی یادو کا الزام ہے کہ مودی نے ہی سرجن این جی او سے اپنی بہن کے اکاؤنٹ میں کروڑوں ٹرانسفر کروائے تھے۔

بہا رکے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی /فوٹو: پی ٹی آئی

بہا رکے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی،فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : انکم ٹیکس محکمے نے کروڑوں روپے کے سرجن گھوٹالے معاملے میں جمعرات کو بہا رکے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی کی بہن ریکھا مودی کے پٹنہ واقع رہائش گاہ پر چھاپے ماری کی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ انکم ٹیکس افسران نےدوپہر کے وقت ریکھا مودی کے ایس پی ورما روڈ پر واقع رہائش گاہ پر چھاپے ماری کی۔ذرائع نے بتایا کہ بھاگلپور جہاں سے سرجن گھوٹالہ جڑا ہے ،میں بھی کچھ مقامات پر انکم ٹیکس محکمے کی ٹیم نے چھاپے ماری کی ۔ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کے ذریعے کی جارہی ہے۔

بہار اسمبلی کے اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادو نے سرجن گھوٹالے کو لے کر سشیل پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سرکاری رقم این جی او کے اکاؤنٹ  میں ٹرانسفر کی جاتی رہی ، لیکن ریاست کے مالیاتی وزیر کو اس کی خبر تک نہیں ہوئی ۔پٹنہ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ سرجن گھوٹالے پر لگاتار بولتے رہے ہیں اور اس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی کا کیا رول تھا ،یہ پبلک ہونا چاہیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سرجن گھوٹالہ تو برسوں سے چل رہا تھا اور سشیل مودی  کو بچانے کے لیے ان کی بہن کے گھر انکم ٹیکس محکمے نے چھاپے ماری کی ہے۔تیجسوی نے الزام لگایا کہ سرجن گھوٹالے کے اسٹیج مینجر سشیل مودی اور نتیش کمار ہیں ۔ سینٹرل ایجنسیاں انکم ٹیکس محکمہ اور سی بی آئی کو ان دونوں سے کڑی پوچھ تاچھ کرنی چاہیے ۔کانگریس کے ودھان پریشد ممبر پریم چندر مشرا نے کہا کہ سشیل کمار مودی نے بدعنوانی کے معاملے میں دوسروں کے خلاف جو معیارات متعین کیے ہیں اس کے حساب سے ان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

اس بیچ سشیل مودی نے ریکھا مودی کو دور کی اپنی چچازاد بہن بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ان کا کوئی کاروباری یا اقتصادی رشتہ نہیں ہے ۔ ان پر اپنے بھائی کے ساتھ کئی مجرمانہ سمیت دوسرے معاملے چل رہے ہیں ۔ اسی طرح کے ایک معاملے میں انہوں نے ان کا نام بھی گھسیٹا تھا۔ انہوں نے کہا ؛میری ان ے گزشتہ 10برسوں سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)