خبریں

گووا : کانگریس ایم ایل اے راج بھون پہنچے ،حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا

گووا کے وزیر اعلیٰ منوہر پریکر کا دہلی کے ایمس میں علاج چل رہا ہے،مانا جارہاتھا کہ بی جے پی کسی اور کو وزیر اعلیٰ بنانے والی ہے ۔لیکن پارٹی نے اس سے انکار کیا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :گووا کے وزیر اعلیٰ منوہر پریکر کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے گووا اسمبلی تحلیل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان کانگریسی رہنماؤں نے راج بھون پہنچ کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛راج بھون میں کانگریس کے 14ا یم ایل اے نے گورنر مردلا سنہامیمورنڈم کو سونپتے ہوئے کہا کہ 40رکنوں کی اسمبلی میں کانگریس کو اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ کانگریسی لیڈر بابو کاویلکر کی قیادت میں ایم ایل اے راج بھون پہنچے تھے ۔

حالاں کہ راج بھون میں گورنر کے نہیں ہونے کہ وجہ سے ان سے ملاقات نہیں ہوپائی ۔ اس دوران کانگریسی لیڈرچندر کانت بابو کاویلکر نے کہا کہ گورنر سےملنے منگل کو پھر آئیں گے اور انہیں اسمبلی کو تحلیل نہیں کرنے کی مانگ کریں گے کیوں کہ ان کی پارٹی کے پاس حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ ایم ایل اے کی حمایت ہے۔کاویلکر نے یہ بھی کہا کہ لوگوں نے ان کو 5 سال کے لیے چنا ہے اور اگر موجودہ حکومت کام کرنے میں اہل نہیں ہے تو ان کو موقع ملنا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ 16ایم ایل اے کے ساتھ کاگریس اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی ہے۔

غور طلب ہے کہ کچھ وقت سے بیمار چل رہے گووا کے وزیر اعلیٰ منوہر پریکر کو علاج کے لیے سنیچر کو دہلی کے ایمس میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد خبریں آئیں کہ بی جے پی ہائی کمان وزیر اعلیٰ بدلنے پر غور کر رہی ہےکیوں کہ پریکر نے خود پارٹی صدر امت شاہ سے ایسا کرنے کی درخواست کی ہے ۔لیکن اتوار کو بی جے پی کی گووا اکائی کے صدر ونئے تندولکر نے میڈیا کو اس کی جانکاری دی کہ ریاستی حکومت کی قیادت میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔منوہر پریکر ہی گووا کے وزیر اعلیٰ رہیں گے۔