خبریں

تمل ناڈو: بی جے پی صدر نے وزیر اعظم مودی کا نام نوبل پرائز کے لیے بھیجا

ٹی سندر راجن تمل ناڈو بی جے پی کی صدر ہیں۔ وہ اس سے پہلے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت کی مخالفت کرنے والے دو لوگوں کی پٹوائی کروانے کی وجہ سے بھی چرچہ میں آ چکی ہیں۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کی صدر تمیلیسائی سندر راجن نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام نوبل پیس پرائز کے لیے بھیجا ہے۔ دینا کی سب سے بڑی ہیلتھ کیئر اسکیم (آیوشمان بھارت)شروع کرنے کے لیے انھوں نے وزیر اعظم مودی کو نوبل پیس پرائز دینے کی وکالت کی ہے۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق؛ٹی سندر راجن کے شوہر ڈاکٹر پی سندر راجن تمل ناڈو کی ایک پرائیویٹ یونیورسٹی میں Nephrology(کڈنی سے متعلق)ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ ہیں۔

انھوں نے بھی یہ اسکیم شروع کرنے کے لیے وزیر اعظم مودی کو نوبل پیس پرائز دینے کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے بھی ایک الگ تجویز نوبل  پرائز سلیکشن کمیٹی کو بھیجا ہے۔ تمل ناڈو بی جے پی کی طرف سے جاری ریلیز میں اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت کی مخالفت کرنے والے دو لوگوں کی پٹوائی کروانے کی وجہ سے سرخیوں میں آئی ٹی سندر راجن نے بھی ٹویٹ پر اپنی تجویز کی جانکاری دی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے اس کی حمایت کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

غور طلب ہے کہ مودی نے اسی سنیچر کو پورے ملک میں ہیلتھ کیئر اسکیم ‘آیوشمان بھارت’ شروع کی تھی۔ جس بڑی تعداد(تقریباً50 کروڑ لوگ) میں لوگ اس اسکیم کے دائرے میں آ رہے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی ہیلتھ کیئر اسکیم ہے۔ حالانکہ ملک کی 5 ریاستوں میں ابھی یہ نافذ نہیں ہے کیونکہ ان ریاستوں کی حکومتوں نے اس کو نافذ نہ کرنے کی اپنی اپنی وجوہات  بتائی ہیں۔

حالانکہ دی ٹائمس آف انڈیا کی مانیں تو پہلے دن سے ہی اس اسکیم نے مقبول ہونے کے اشارے دے دیے ہیں۔ خبر کے مطابق اسکیم شروع ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ہی 1000 سے زیادہ لوگ اس کا فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ وہیں جہاں تک نوبل پرائز کے لیے انٹریز کا سوال ہے تو ان کو بھیجنے کے لیے 31 جنوری 2019 آخری تاریخ ہے ۔ اس کا انرول منٹ پروسیس ہر سال ستمبر میں شروع ہو جاتا ہے۔