یو آئی ڈی اے آئی نے ریلائنس جیو، ایئر ٹیل اور ووڈافون جیسی ٹیلی کام کمپنیوں کو سرکولر بھیج کر 15 دن میں سم کارڈ سے آدھار ڈی -لنک کرنے کی اسکیم مانگی ہے۔
نئی دہلی: یو آئی ڈی اے آئی(Unique Identification Authority of India)نے ٹیلی کام کمپنیوں سے لوگوں کے آدھار کارڈ کا استعمال بند کرنے کو کہا ہے۔ سم کارڈ سے آدھار ڈی-لنک کرنے کے لیے اتھارٹی نے ٹیلی کام کمپنیوں سے 15 دن کے اندر اسکیم دینے کے لیے کہا ہے۔ سپریم کورٹ کے آرڈر کے بعد یو آئی ڈی اے آئی نے ٹیلی کام کمپنیوں کو یہ آرڈر دیا ہے۔ اس سے متعلق ٹیلی کام سروس پرووائیڈرس (ٹی پی ایس)کو سرکولر بھیج دیا گیا ہے۔
سرکولر میں یو آئی ڈی اے آئی نے ٹیلی کام کمپنیوں سے پوچھا ہے کہ موبائل سم کارڈ کے ویریفیکشن کے لیے ہونے والے ویریفیکشن میں آدھار کے استعمال کو کیسے روکا جائے۔ جن کمپنیوں سے جواب مانگا گیا ہے ان میں ریلائنس جیو، ووڈافون آئیڈیااور ایئر ٹیل کے ساتھ کچھ دوسری کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ گزشتہ 1 اکتوبر کو بھیجے گئے سرکولرمیں کہا گیا ہے کہ 26 ستمبر کو سپریم کورٹ کے ذریعے آدھار کے تعلق سے دیے گئے فیصلے پر سبھی ٹیلی کام کمپنیاں جلد از جلد فیصلہ لیں۔
ان کمپنیوں کو 15 اکتوبر تک جواب داخل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے نیا سم کارڈ لینے اور اس کے کسٹمر کی پہچان کو ویریفائی کرنے کے لیے آدھار کا لازمی ہونا ،ختم کر دیا تھا۔ آدھار پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کی 5 رکنی آئینی بنچ میں شامل چیف جسٹس دیپک مشرا ، جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس اے ایم کھانولکر کی طرف سے لکھے گئے فیصلے میں کورٹ نے کہا کہ موبائل اور بینک اکاؤنٹ سے آدھار لنک کرنا غیر آئینی ہے ، اس لیے اس کو ہٹایا جاتا ہے۔
Categories: خبریں