خبریں

چھتیس گڑھ: بھلائی اسٹیل پلانٹ میں بلاسٹ، 9 کی موت 14 زخمی

جس پلانٹ میں یہ حادثہ ہوا ہے، وہ راجدھانی رائے پور سے محض 30 کلو میٹر دور ہے اور اس کو اسٹیل اتھارٹی آف انڈیالمیٹڈ چلاتی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے درگ ضلع میں واقع اسٹیل پلانٹ میں منگل کو گیس پائپ لائن میں ہوئے بلاسٹ کی وجہ سے 9لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛ اس حادثے میں 14 لوگ سنگین طور پر زخمی ہیں،جن کو علاج کے لیے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جس پلانٹ میں یہ حادثہ ہوا ہے، وہ راجدھانی رائے پور سے محض 30 کلو میٹر دور ہے اور اس کو اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ(ایس اے آئی ایل) چلاتی ہے۔ اس پلانٹ میں دھماکے کے بعد سے ہی آگ لگی ہوئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی آدھا درجن سے زیادہ گاڑیوں کو موقعے پر بھیجا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ؛ منگل کو بھلائی اسٹیل پلانٹ میں ایک گیس پائپ لائن کی مرمت کی جا رہی تھی۔ اسی دوران پائپ لائن میں ایک تیز دھماکہ ہوا ، جس کی وجہ سے موقعے پر موجود 9 مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ 14 دوسرے سنگین طور پر زخمی ہو گئے ۔ حادثے کے بعد سبھی زخمی لوگوں کو فوراً سیکٹر 9 اسپتال میں بھرتی کرایا گیا، جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

وہیں حادثے کی جانکاری کے بعد ڈی ایم امیش اگروال ، آئی جی پولیس جی پی سنگھ اور ایس ایس پی موقعے پر پہنچے ،جس کے بعد افسروں کو زخمی لوگوں کے علاج کے لیے ہر ممکن انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ذرائع  کے مطابق ؛حادثے کے پیچھے سکیورٹی میں چوک کو ایک بڑی وجہ مانا جا رہا ہے،حالانکہ اب تک انتظامیہ نے اس پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

درگ ضلع کے انسپکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے  پی ٹی آئی کو بتایا کہ بھلائی اسٹیل پلانٹ میں ہوئے حادثے میں 6 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 14 دوسرے سنگین طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔انھوں نے کہا کہ  پلانٹ کے کوک اوون کے قریب 25 سے زیادہ ملازم کام کر رہے تھے۔ اسی وقت صبح قریب 11 بجے اچانک پائپ لائن میں بلاسٹ ہو گیا، جس سے کئی لوگ جھلس گئے ۔

(خبر رساں ایجنسی اے این آئی اور پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)