خبریں

مودی حکومت نے ساڑھے 4سالوں میں اشتہار پر خرچ کئے 5000 کروڑ روپے

مودی حکومت میں اشتہار پر خرچ کی گئی رقم یو پی اے حکومت کے مقابلے میں دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔یو پی اے نے 10سال کی مدت میں اشتہار پر اوسطاً 504کروڑروپے سالانہ خرچ کیا تھا، وہیں مودی حکومت میں ہرسال اوسطاً 1202 کروڑ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: مرکز کی نریندر مودی حکومت نے تقریباًساڑھے 4 سال کی مدت میں اشتہار پر تقریباً 5000 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔دی وائر کوآرٹی آئی کے ذریعے عوامی رابطہ اور ابلاغ بیورو (بی او سی) سے ملی جانکاری کے مطابق مرکزی حکومت کی اسکیموں کی تشہیرو توسیع میں سال 2014 سے لےکر ستمبر 2018 تک میں4996.61کروڑ روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے۔بتا دیں کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت کام کرنے والا ادارہ عوامی رابطہ اور ابلاغ بیورو(بی او سی) حکومت ہند کے مختلف وزارت اور ان کے محکمہ جات کی تشہیر کرتاہے۔  کچھ خود مختار اداروں کی بھی تشہیر بی او سی کے ذریعے کرائی جاتی ہے۔

اس میں سے 2136.39 کروڑ روپے پرنٹ میں اشتہار کے لئے خرچ کیا گیا۔ وہیں2211.11 کروڑ کی رقم کو الکٹرانک میڈیا کے ذریعے اشتہار میں خرچ کیا گیا ہے۔  اس کے علاوہ 649.11 کروڑ روپے آؤٹ ڈور پبلسٹی میں خرچ کیا گیا ہے۔آر ٹی آئی سے ملی جانکاری کے مطابق سال 15-2014 میں الکٹرانک میڈیا کے ذریعے اشتہار میں 470.39 کروڑ خرچ کیا گیا۔وہیں سال 16-2015 میں 541.99 کروڑ، سال 2016-17 میں 613.78 کروڑ، سال 2017-18 میں 474.76 کروڑ اور سال 19-2018 میں ابھی تک 110.16 کروڑ کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔

الکٹرانک میڈیا کے ذریعے مرکزی حکومت کے اشتہار پر خرچ کی رقم

الکٹرانک میڈیا کے ذریعے مرکزی حکومت کے اشتہار پر خرچ کی رقم

اسی طرح آؤٹ ڈورپبلسٹی کے ذریعے اشتہار میں سال 15-2014 میں81.27 کروڑ،2015-16میں 118.51 کروڑ، 17-2016 میں 186.37 کروڑ، 18-2017 میں 208.54 کروڑ اور 19-2018 میں 10 اکتوبر تک 54.39 کروڑ کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔سب سے زیادہ رقم پرنٹ ذرائع میں خرچ کی گئی ہے۔  حکومت نے بھارت نرمان، یوگ، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، آدھار جیسی اسکیموں کے لئے آؤٹ ڈور پبلسٹی میں کافی رقم خرچ کی ہے۔آدھار بنانے والا ادارےیو آئی ڈی آئی اےکے اشتہار میں 2014 سے لےکر اب تک میں 3.27 کروڑ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

اس سے پہلے اطلاعات و نشریات کے  وزیر راجیہ وردھن راٹھوڑ نے راجیہ سبھا میں بتایا تھا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، سوچھ بھارت ابھیان، سمارٹ سٹی مشن اور سانسد آدرش گرام یوجنا پر پچھلے تین سالوں میں 16- 2015 میں 52 اشتہارات پر 60.94 کروڑ روپے،  17- 2016 میں 142 اشتہارات پر 83.26 کروڑ اور 18 – 2017  میں 309 اشتہارات پر 147.96 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔تالابوں کےتجدید نو کے مدعے پر کام کرنے والے گریٹر نوئیڈا کےباشندہ رام ویر تنور نے آر ٹی آئی کے ذریعے مودی حکومت کے ذریعے اشتہارات پر خرچ کی جانکاری مانگی تھی۔

وہ کہتے ہیں کہ حکومت پانی کی طرح عوام کے پیسے کو اپنی تشہیر میں بہا رہی ہے اور جب کبھی ماحولیات کے لئے پیسے دینے کی بات آتی ہے تو انتظامیہ کہتی ہے کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا،’حکومت کے پاس آلودگی سے لڑنے کے لئے پیسہ نہیں ہے لیکن تشہیرو توسیع کے لئے ہے۔  لگاتار ماحولیات کے لئے ناکافی فنڈ کی وجہ سے ایک کے بعد ایک شہر دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ہم جب بھی ماحولیات کے تحفظ پر کچھ کرنے کے لئے بولتے ہیں تو انتظامیہ فنڈ کی کمی بتا دیتا ہے۔  ‘

پرنٹ ذرائع کے ذریعے اشتہار پر خرچ کی گئی رقم

پرنٹ ذرائع کے ذریعے اشتہار پر خرچ کی گئی رقم

معلوم ہو کہ مودی حکومت اپنی مدت کی شروعات سے ہی اشتہارات پر زیادہ رقم خرچ کرنے کی وجہ سے سوالوں کے گھیرے میں ہے۔  حکومت کے ذریعے پیش کئے گئے بجٹ میں کئی سماجی اسکیموں کے لئے مختص کی جانے والی رقم میں کٹوتی کی گئی ہے۔مرکزی حکومت نے میلا ڈھونے والوں کی بازآبادکاری کے لئے مختص کی جانے والی رقم کو بہت زیادہ کم کر دیا ہے۔جہاں سال 14 – 2013 میں اس کے لئے 570 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے وہیں سال 18-  2017 میں صرف پانچ کروڑ روپے مختص کیا ہے۔ اتناہی نہیں،اس اسکیم کے لئے پچھلے 4سالوں میں ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔

وہیں فیکٹلی ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق این ڈی اے کی مدت میں اشتہار پر خرچ کی گئی رقم یو پی اے حکومت کے مقابلے  میں بہت زیادہ ہے۔یو پی اے حکومت نے اپنی  10سال کی مدت میں اوسطاً 504 کروڑ روپے ہرسال اشتہار پر خرچ کیا تھا۔وہیں مودی حکومت میں یہ اعداد و شمار کافی زیادہ ہیں۔  اس دوران ہرسال اوسطاً 1202 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ اس حساب سے یو پی اے حکومت کے مقابلے میں مودی حکومت میں اشتہار پر دوگنی سے بھی زیادہ رقم خرچ کی گئی ہے۔یو پی اے حکومت کے دس سال میں کل ملاکر 5041 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہوئی تھی۔  وہیں مودی حکومت کےتقریباًساڑھے4سال کی مدت میں ہی4996.61 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔