خبریں

این جی ٹی نے دہلی سرکار پر 50 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا

این جی ٹی نے یہ جرمانہ دہلی حکومت پر رہائشی کالونی کے آس پاس چلنے والی اسٹیل پکلنگ اکائیوں پر کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے جرمانہ لگایا ہے۔

فوٹو: وکی پیڈیا

فوٹو: وکی پیڈیا

نئی دہلی: نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی)نے منگل کو دہلی حکومت پر 50 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق؛یہ جرمانہ رہائشی کالونی سے چلنے والی اسٹیل پکلنگ اکائیوں پر کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔ ایسی اکائیاں ان صنعتی سرگرمیوں کی فہرست  میں آتی ہیں ،جن پر پابندی عائد ہے۔ پکلنگ ،اسٹیل سے داغ اور ان آرگینک آلودگی جیسی گندگی کو ہٹانے کے پروسیس کو کہتے ہیں۔ این جی ٹی نے دہلی سرکار کو ایسی سبھی اکائیوں کو جلد از جلد بند کروانے کی ہدایت دی ہے۔

لوک ادھیکار سنگٹھن کے ذریعے دائر عرضی کی شنوائی کرتے ہوئے این جی ٹی کے چیئر پرسن جسٹس اے کے گوئل نے عام آدمی پارٹی کی قیادت والی ریاستی حکومت کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں پہلے بھی ہدایت دی جا چکی ہے، لیکن اس کے بعد بھی پکلنگ اکائیوں کو بند نہیں کیا جا سکا ہے۔ اس عرضی میں ایسی اکائیوں کو بند کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے جنوری میں دہلی حکومت نے این جی ٹی کو بتایا تھا کہ دہلی ماسٹر پلان 2021 کے تحت اسٹیل پکلنگ اکائیاں ان صنعتی سرگرمیوں کی فہرست میں آتی ہیں ،جن پر پابندی عائد ہے اور رہائشی علاقوں میں اس کو نہیں چلایا جا سکتا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)