اتر پردیش کے نوئیڈا میں چیکنگ کے دوران ایک ٹرینی سب انسپکٹر نے جم ٹرینر کو گولی مار دی تھی ۔ الزام ہے کہ سب انسپکٹر نے پرموشن کی وجہ سے ایسا کیا تھا۔
نئی دہلی : دہلی کے قریبی شہر نوئیڈا میں اترپردیش پولیس کے ذریعے جیتندر نام کے جم ٹرینر کو فرضی انکاؤنٹر میں گولی مارنے کے معاملے میں این ایچ آر سی نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو 5 لاکھ روپے دینے کا حکم دیا ہے۔فرضی مڈبھیڑ کا یہ معاملہ اسی سال 3فروری کی رات کا ہے ۔ نوئیڈا کے پرتھلا خنجر پور گاؤں کے رہنے والے جم ٹرینر جیتندر یاد وکو ٹرینی سب انسپکٹر وجئے درشن نے گولی ماری تھی۔ وجئے کے ساتھ موقع پر اور بھی پولیس اہلکار موجود تھے۔ جیتندر پرتھلا گاؤں میں ہی جم چلاتے تھے۔
دی انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن نے 6 ہفتے کے اندر ریاست کے چیف سکریٹری سے ادائیگی کے ثبوت کے ساتھ ایک رپورٹ جمع کرنے کو کہا ہے۔ کمیشن نے 5 فروری کے معاملے کو لے کر آئی میڈیا رپورٹ پر خود سے جانکاری لی تھی۔این ایچ آر سی کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران اور اس کے ذریعے جاری نوٹس کے جواب میں یوپی حکومت نے مطلع کیا کہ پولیس اہلکار کے خلاف لگائے الزامات کی تصدیق کی گئی تھی اور اس معاملے میں سب انسپکٹر کے خلاف چارج شیٹ بھی جمع کی گئی تھی ۔ حکومت نے کمیشن کو بتایا کہ سب انسپکٹر اور دو کانسٹبل سمیت تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کیا ہے پورا معاملہ
پرتھلا گاؤں میں جم چلانے والے 25 سالہ جتیندر اس سال 3 فروری کی رات اپنی چچیری بہن کی شادی سے غازی آباد سے اپنے گاؤں اسکارپیو سے لوٹ رہے تھے۔
دینک جاگرن کی خبر کے مطابق؛’جتیندر کے ساتھ اسکارپیو میں ان کے بڑے بھائی اور 4 دوست بھی موجود تھے۔ بھائی کو گھر چھوڑنے کے بعد جیتندر دوستوں کو چھوڑنے کے لیے سیکٹر 122 گئے تھے۔ اسی دوران لال رنگ کی بریزا گاڑی میں سوار داروغہ وجے درشن اور پنکج سنگھ ، سپاہی سنجے اور نریندر نے ان کی گاڑی کی چیکنگ شروع کر دی تھی۔ الزام ہے کہ اسی دوران وجے درشن نے جیتندر کو گولی مار دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق، وجے ردشن نے پرموشن پانے کے لیے جتیندر کو گولی ماری تھی۔ واردات کے بعد افسروں کے حکم پر ملزم پولیس والوں کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی تھی۔ ملزم وجے درشن جیل میں بند ہیں۔ واضح ہو کہ واقعہ کے 8 مہینے گزر جانے کے بعد بھی جتیندر زخمی ہیں اور بستر پر پڑے ہیں۔ گولی ان کی گردن سے ہوتے ہوئے ریڑھ کی ہڈی میں جاکر لگی تھی، جس کی وجہ سے وہ چلنے پھرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔ یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے بھی جیتندر کے دوبارہ چلنے کی امید کافی کم بتائی ہے۔
Categories: خبریں